عالمی سطح پرتیل کی گرتی قیمتیں،پاکستانی معیشت کیلئے امیدکی کرن
5ہفتوںکے دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوںمیں29فیصد کمی ہوچکی تیل کی درآمد اربوں ڈالر کم ہوجائے گی،میزبان پروگرام دنیا کامران خان کیساتھ
لاہور(دنیا نیوز)پچھلے پانچ ہفتوں سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گررہی ہیں اس دوران تیل کی قیمتوں میں تقریباً 29فیصد کمی ہو چکی ہے جو سب سے بڑی کمی بتائی جاتی ہے جس سے پا کستانی معیشت کوسہارامل سکتا ہے ۔پروگرام دنیا کامران خان کیساتھ کے میزبان کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ یہ ہے کہ امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی سرد جنگ کے نتیجے میں ٹریڈاور منسلک معاملات میں کمی آرہی ہے جس سے تیل کا استعمال کم ہوگیا۔ پاکستان کی سب سے بڑی درآمد تیل کی ہوتی ہے اس پر 15سے 16ارب ڈالر خرچ ہوتے ہیں اگر 5ہفتوں سے جاری گراوٹ جاری رہی توتیل کی امپورٹ اربوں ڈالر کم ہو جائے گی اور زرمبادلہ ذخائر بہترہونگے ۔دوسری جانب پاکستان کے پاس سعودی عرب سے تیل درآمد کرنے کی سہولت موجود ہے ہم سعودی عرب سے 3.2 ارب ڈالر کا تیل لے سکتے ہیں اگر تیل کی قیمت کم ہوگی تو ہمیں زیادہ مقدار میں تیل مل جائے گاگویا ہر لحاظ سے پاکستان کیلئے فائدہ ہے ،ٹاپ لائن سکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹو افسر محمد سہیل نے کہا موجودہ صورتحال میں یہ پیش رفت انتہائی اہم ہے اور پاکستان کیلئے بہت بڑی خبر ہے ۔گزشتہ ایک دو ماہ میں تیل کی قیمتیں 63سے 53ڈالر ہو گئی ہیں اور اگر یہ اسی سطح پر منجمد رہیں تو پاکستان کے درآمدی بل میں 2ارب ڈالر سالانہ کا فائدہ ہوگایہی حالات 2014 میں پچھلی حکومت کے دور میں بھی ہوئے تھے جب تیل کی قیمت 90ڈالر سے 40ڈالر ہوگئی تھی ،پاکستان کے معاشی حالات میں یہ پیشرفت ایک امید کی کرن ہے اور یہ پاکستان کی معیشت کو اوپر اٹھاسکتی ہے تا ہم انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں پٹرول کی جو قیمتیں بڑھی ہیں یہ پچھلے مہینے کا اوسط ہے ۔تیل کی قیمتوں میں کمی کا اثر اگلے مہینے آئے گااور توقع ہے کہ اگلے مہینے حکومت تیل کی قیمتوں میں کمی کرے گی اوراس سے مہنگائی میں بھی کمی آئے گی ۔