پاکستانی نمک کا شور, حقائق کیا ہیں؟
سوشل میڈیا پر ان دنوں پاکستانی گلابی نمک(پنک سالٹ)سے بھارت کے اربوں ڈالرز کمانے کا بہت چر چا ہے اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی وائر ل ہے
(مظہر علی رضا) جس میں بتایا جارہا ہے کہ پاکستان سے انتہائی سستے داموں گلابی پہاڑی نمک بھارت بر آمد کیا جارہا ہے اور بھارت سستے داموں خریدے جانے والے اس نمک کو ویلیو ایڈیشن کے بعد سالانہ129ارب ڈالرز کما رہا ہے ۔ تاہم پاکستانی کمپنی حب سالٹ کے چیف ایگزیکٹیو افسر اور لسبیلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اسماعیل ستار اس سے اتفاق نہیں کر تے، اسماعیل ستار کے مطابق در حقیقت کھیوڑہ میں پائے جانیوالے پہاڑی گلابی نمک کی دنیا بھر میں انتہائی مانگ ہے جسے پنک ہمالین سالٹ بھی کہا جاتا ہے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کو کبھی بھی 24ہزار ٹن سے زائد گلابی پہاڑی نمک بر آمد نہیں کیا گیا جس میں سے 90فیصد نمک بھارت میں مقامی طور پر استعمال ہوجاتا ہے اور محض10فیصد نمک ہی ویلیو ایڈیشن کے بعد دیگر ممالک کو بر آمد کیا جاتا ہے ،تاہم اگر ایک لمحے کو یہ بات تسلیم کر لی جائے کہ پاکستان سے در آمد کیا جانیوالا تمام گلابی نمک بھارت ویلیو ایڈیشن کے بعد دیگر ممالک کو بر آمدکردیتا ہے ،تب بھی 200ڈالر فی ٹن کے حساب سے بھارت 48لاکھ امریکی ڈالرز سے زائد کا زرمبادلہ نہیں حاصل کرسکتا ۔اسماعیل ستار کے مطابق بھارت کو بر آمد کئے جانیوالے گلابی نمک کی قیمت اور حجم کے حوالے سے غلط فہمیاں ہیں،دنیا میں نمک کا مجموعی کاروبار 320ملین ٹن کا ہے جس کا مالی حجم13ارب50کروڑ ڈالرز ہے جبکہ ویڈیو میں دکھائے جانیوالے اکثر برانڈز بھی پاکستانی ہیں جس میں ‘‘پنک ہمالین سالٹ’’ بھی شامل ہے جو کہ مقامی سالٹ کمپنی کا برانڈ ہے اور ہم اسے 1986سے یورپ اور دیگر ممالک کو بر آمد کررہے ہیں،پاکستان سے گلابی نمک تقریباً دنیا کے ہر ممالک کو بر آمد کیا جاتا ہے ،پاکستان سے گلابی نمک سمیت نمک کی مجموعی بر آمدات 3لاکھ ٹن کے قریب ہے جس میں حب سالٹ کا شیئر 70فیصد ہے ۔