طویل ترین تقریر کس نے کی ?
قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان ماحول پرامن اور خوشگوار رکھنے والے معاہدے پر قائم رہے
(نامہ نگار)…… قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان ماحول پرامن اور خوشگوار رکھنے والے معاہدے پر قائم رہے اور کسی نے بھی نعرے نہیں لگائے ، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تقریر کے دوران سپیکر اسد قیصر اکتا گئے اورکہا شہباز صاحب اور کتنا وقت لیں گے جس پر شہباز شریف نے کہاکہ ابھی تو شروع کی ہے ، شام کا سیشن بھی لگے گا، کھانے کا بندوبست کریں ۔ سپیکر نے کہا آپ میرا امتحان لے رہے ہیں اور آپ نے تو سید خورشید شاہ کا ریکارڈ توڑدیا ہے ۔ خورشید شاہ نے کہاکہ میں نے 4گھنٹے 19 منٹ تقریر کرکے ریکارڈ بنایا تھا، شہباز صاحب نے ابھی2گھنٹے کی تقریر کی ہے ، دو گھنٹے باقی ہیں، مجھے خوشی ہو گی کہ شہبازشریف میرا ریکارڈ توڑیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا سید خورشیدشاہ سید بادشاہ ہیں میرے لئے ان کا بڑا احترام ہے ۔ اپوزیشن لیڈر اپنی تقریر کے دوران شعر بھی سناتے رہے ۔ شہباز شریف کی تقریر کے دوران رانا تنویر حسین اونگھنے لگے توسپیکر نے کہا کہ رانا صاحب کو نیند آگئی ہے جس پر شہبا ز شریف نے کہا رانا صاحب کو میری تقریر موسیقی لگ رہی اس لئے انہیں نیند آرہی ہے جس پر پورے ایوان میں قہقہے گونجنے لگے ۔ وزیر توانائی عمر ایوب بھی پیچھے نہ رہے وہ اپوزیشن لیڈر کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش میں لگے رہے ان کی تقریر لمبی ہوئی تو سپیکر نے کہا عمرایوب آپ اور کتنا وقت لیں گے جس پر انہوں نے کہا ابھی تو سٹارٹ لیا 6 گیئر ہوتے ہیں ابھی تو 4باقی ہیں۔شہباز شریف کی طویل تقریر سے سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد چودھری بے زار ہوگئے ۔ فواد چودھری نے ٹویٹ کر کے کہا ہے انھوں نے قومی اسمبلی قواعد میں قائد حزب اختلاف کی تقریر کا دورانیہ 45 منٹ تک محدود کرنے کی ترمیم جمع کرا دی ہے ۔سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر نے لکھا شہباز شریف صبح سے تقریر کر رہے ہیں جس کا اختتام نظر نہیں آ رہا یہ ایوان کے وقت اور قومی پیسے کا ضیاع ہے ۔’عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی میں طویل تقریریں کرنے والوں میں سابق قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان بھی شامل ہیں۔ پیپلز پارٹی کے دور میں جب بطور قائد حزب اختلاف چودھری نثار ایوان میں کھڑے ہوکر کہتے میڈم سپیکر میں طویل بات نہیں کرنا چاہتا تو پریس گیلری میں موجود صحافی ایک دوسرے سے کہتے کہ ‘اب تو کم از کم ڈیڑھ گھنٹہ چودھری صاحب نے بولنا ہے ۔’پیپلز پارٹی کے ہی دور میں چودھری نثار کے ایک طویل خطاب کے جواب میں اس وقت کے وزیراطلاعات قمر زمان کائرہ نے بھی طویل خطاب کیا تھا۔ اس دوران ایوان میں نماز جمعہ کا وقفہ بھی نہ کیا جا سکا۔پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن بھی ایوان میں طویل تقریر کرنے کے لیے مشہور تھے اور ان کا ایک خطاب یادگار قرار دیا جاتا ہے جب اس وقت کی وزیراعظم بینظیر بھٹو، صدر فاروق لغاری سے مذاکرات کے لیے ایوان صدر گئیں اور صدر مملکت کے اسمبلی توڑنے کے خدشے کے پیش نظر وزیر داخلہ اعتزاز احسن کو اس ہدایت کے ساتھ خطاب کرنے کے لیے بھیجا کہ جب تک وہ واپس نہ آجائیں تب تک خطاب جاری رکھنا ہے ۔ اے پی پی کے مطابق شہباز شریف نے تقریباً4گھنٹے تک آئندہ مالی سال کے بجٹ کا احاطہ اور اپنی گزشتہ 5 سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالی۔آن لائن کے مطابق شہباز شریف نے 4گھنٹے سے زائد بجٹ پر بحث کر کے سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا ریکارڈ توڑ دیا، این این آئی کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بجٹ پر تقریباً اڑھائی گھنٹے خطاب کیا شہبازشریف سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا ریکارڈ نہ توڑ سکے ۔ خورشید شاہ نے 4گھنٹے 19 منٹ تقریر کی تھی ۔ طویل ترین تقریر