کشمیر کا مسئلہ ایک دو دن میں حل ہونیوالا نہیں ، تھنک ٹینک
ہم بے بس ہوگئے ہیں، ایاز امیر ،ہمیں حقائق سے نظریں نہیں چرانی چاہئیں ، خاور گھمن بھارت اپنے اقدام کو فوری واپس نہیں لے گا ، پالیسی بنانیکی ضرورت ہے ، حسن عسکری گرفتاریوں اور مقدمات سے کسی کا کردار ختم نہیں کیا جاسکتا، سلمان غنی کی پروگرام میں گفتگو
لاہور(دنیا نیوز)معروف تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے کہ ہم بے بس ہوگئے ہیں ، بھارت کوجو جواب دینا چاہئے تھا نہیں دیا گیااور وہ دہشگردٹھیک تھے جومقبوضہ کشمیر میں جا کر اپنی جانوں کی قربانی دیتے تھے ، ہمت تو ان تنظیموں اور 20 کروڑ پاکستانی قوم نے دکھائی ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینکمیں میزبان عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کہنا تھا کہ کسی کو خواہ ان کے الفاظ اچھے لگیں یا برے لگیں لیکن جس قسم کی پوزیشن وزیر اعظم کی طرف سے پارلیمان میں لی جانی چاہئے تھی ،نہیں لی گئی ۔سیاسی تجزیہ کاراور روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ مریم نواز کی رابطہ عوام مہم میں جان تھی۔سیاسی محاذ پر مریم نواز متحرک ہیں اور پارلیمانی محاذ شہباز شریف کے سپرد ہے ۔گرفتاریوں اور مقدمات سے کسی کا کردار ختم نہیں کیا جاسکتا،پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ ایک دور کے ملزم دوسرے دور میں بڑے بڑے عہدوں پر براجمان ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج کے حالات جس چیز کے متقاضی تھے پاکستان کے اہل سیاست اور حکومت کا طرز عمل اس کے مطابق نہیں پارلیمنٹ کا اجلاس اتحاد و یک جہتی کے لئے بلایا گیا تھا،لیکن دنیا کو اس کا خاطر خواہ پیغام نہیں دے سکے ۔ کم از کم اس ایشو پر سنجیدگی دکھانے کی ضرورت تھی۔ممتاز تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر سلامتی کونسل میں جانے سے پہلے روس سے بھی بات کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ کشمیر کے مسئلے پر اگر اب تک کسی نے ویٹو کیا ہے تو وہ روس نے کیاہے ۔اس لئے ان لوگوں سے بات کرنے کی ضرورت ہے ، اگر تو سپورٹ حاصل ہوجاتی ہے تو پھر ہم سلامتی کونسل میں جاسکتے ہیں ، کشمیر کا مسئلہ ایک دوہفتے میں حل ہونیوالا نہیں ، بھارت اپنے اقدام کو فوری واپس نہیں لے گا ، اس لئے ایک طویل المیعاد پالیسی بنانے کی ضرورت ہے ۔تجزیہ کار،اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیورو چیف خاور گھمن نے کہا کہ مریم نواز کو چودھری شوگر ملز کیس میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ہمیں حقائق سے نظریں نہیں چرانی چاہئیں ۔یہ ماضی کے کیسز ہیں ،جعلی بینک اکائونٹس کا ایشو 2015 میں مسلم لیگ ن کے وزیر داخلہ چودھری نثار نے اٹھایا تھا،مریم نواز کی گرفتاری سے مسلم لیگ ن کی سیا ست پر کوئی بڑا اثر نہیں پڑے گا اس کی وجہ یہ ہے کہ بڑی سیاسی جماعت کی حیثیت سے ن لیگ قومی اسمبلی میں موجود ہے ۔شہباز شریف کا بیانیہ سب کے سامنے ہے ۔ انھوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں نواز شریف پارٹی کی قیادت مکمل طور پر مریم نواز کو سونپ دیں گے ۔انھوں نے بتایا کہ عید کے بعد وفاقی کابینہ کے بعض ارکان کے خلاف بھی کارروائی ہونے والی ہے ۔