بی آرٹی پشاورکی مدت تکمیل میں دسمبر2021تک توسیع

 بی آرٹی پشاورکی مدت تکمیل میں دسمبر2021تک توسیع

اربن ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کاقیام عمل میں آیانہ اس کیلئے بھرتیاں کی گئیں

اسلام آباد(وقا ئع نگار خصوصی)ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے پشاور بس ریپڈٹرانزٹ (بی آرٹی) کی تکمیل کی مدت میں ایک بار پھر توسیع کردی گئی، اب یہ منصوبہ دسمبر 2021 تک مکمل ہوگا، اے ڈی بی نے خیبر پختونخوا حکومت کے اس منصوبے کو آن ٹریک ڈیکلیئرکیا ہے ۔ اے ڈی بی کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے 33کروڑ ڈالر میں سے اب تک 29کروڑ ڈالر وصول کئے ہیں جبکہ فرانسیسی امدادی ایجنسی (اے ایف ڈی ) کے 15کروڑ ڈالر کے قرض کو استعمال میں ہی نہیں لایاجاسکا ۔ اے ڈی بی رپورٹ کے مطابق کے پی اربن ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (کے پی یو ایم اے ) کا قیام 15ستمبر 2018میں عمل میں آنا تھا جو ابھی تک عمل میں نہ آسکا اور اس کیلئے بھرتیاں بھی نہیں کی گئیں ، اس کے علاوہ ‘‘ٹرانس پشاور’’پر بھی15جولائی 2019تک عملد رآمد کرنا تھا تاہم اس کی ابھی تک اے ڈی بی سے تصدیق نہیں کرائی گئی ، اس روٹ پر چلنے والی بسوں کے مالکان کو معاوضہ کی ادائیگی مین کوریڈور کی تکمیل اور بس آپریشن کی افتتاحی تقریب کے بعد ہونی تھی جو زیر التوا ہے ۔ بی آرٹی کے آپریشنل ماڈل میں بھی تبدیلی کی گئی ہے جس میں محددو سبسڈی دی جائے گی جبکہ اس سے پہلے اس منصوبہ میں زیرو سبسڈی تھی ۔اس منصوبہ کیلئے خواتین کی 10 فیصد لازمی بھرتیوں پر بھی کوئی کام نہیں ہوا ۔ٹرانس پشاور اور کے پی یو ایم اے میں مکمل بھرتیاں نہیں کی گئیں جس میں سے صرف 27اہلکار(50فیصد)بھرتی کئے گئے ہیں ۔کے پی یو ایم اے اور ٹرانس پشاور کیلئے چمکنی کے قریب کنٹرول سینٹر کی بلڈنگ زیر تعمیر ہے ۔لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں پارکنگ پلازہ کی تعمیر ابھی تک شروع نہیں ہوئی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں