ایشیائی ترقیاتی بینک سے 2کھرب 92ارب قرضہ لینے کا فیصلہ
حکومت پنجاب کو تین سال میں قرض دیا جائیگا ، بینک قرضہ دینے پر رضا مند گریٹر تھل کینال پروگرام فیز ٹو کے لیے 48ارب روپے کا قرض لیا جائے گا
لاہور(محمد حسن رضا سے )حکومت پنجاب نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے تین سال میں 2کھرب 92ارب قرضہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ، یہ فیصلہ گزشتہ روز محکمہ ترقیاتی ومنصوبہ بندی میں ہونے والے اجلاس کے بعد و زیر اعلٰی پنجا ب کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا ، دوسری جانب ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی جانب سے قرضہ دینے پر رضامندی ظاہر کر دی گئی ہے ۔ پنجاب میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے تین سالہ پروگرام کے آغاز پر ورکنگ شروع کر دی گئی ، ایشین ڈویلپمنٹ بینک حکومت پنجاب کو 2022 تک بزنس پلان میں قرض دے گا ،پنجاب ایگری کلچر مارکیٹ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر سولہ ارب کا قرض لیا جائے گا ۔گریٹر تھل کینال پروگرام نامی منصوبے کے لیے 24 ارب روپے کا قرض لیا جائے گا ۔ورک فورس پروگرام کے منصوبے پر16 ارب کا قرض لیا جائے گا ۔ڈی جی خان میں کینال اور زرعی زمین کی بہتری کے منصوبے کے لئے 12 ارب روپے کا قرض لیا جائے گا ۔صوبہ پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر کے پروگرام کے لئے 24 ارب روپے کا قرض لیا جائے گا ۔پنجاب بھر میں واٹر سپلائی پروگرام پر 32 ارب روپے کا قرض لیا جائے گا ۔پنجاب سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گول کے لئے 32 ارب روپے کا قرض لیا جائے گا ۔دریائے راوی کے بحالی پروگرام پر 16 ارب روپے قرض لیا جائے گا ۔گریٹر تھل کینال پروگرام کے لیے 2022 میں فیز ٹو کے لیے 48 ارب روپے کا قرض لیا جائے گا اور دیگر منصوبوں کے لئے مختلف فیز میں مزید قرض لیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق معاہدہ طے پانے کے بعد پنجاب حکومت ایشین ڈویلپمنٹ بینک سے یہ قرض وصول کرے گا ، اس حوالے سے محکمہ ترقیاتی و منصوبہ بندی حکام کاکہنا ہے کہ قرضے لینے سے متعلق معاملات چل رہے ہیں، اے ڈی پی کی جانب سے رضامندی ظاہر کی گئی ہے مزید معاملات طے کئے جار ہے ہیں، جس کے بعد قرضہ سے متعلق حتمی معاہدہ طے پائے گا۔