مسئلہ کشمیر:وزیراعظم کو تین چار ملکوں میں جانا چاہئے ،تھنک ٹینک
کمزور دلائل استعمال نہ کریں،ایاز امیر ،افغانستان میں امن عمل بہت پیچیدہ ہے ،خاور مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھ چکا ، حسن عسکری کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار ، حکومت نے درست فیصلہ کیا ، سلمان غنی کی پروگرام میں گفتگو
لاہور(دنیا نیوز) معروف تجزیہ کار ایاز امیر نے کہاہے پاکستان بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا ،اس سے ہمارے جذبات کی تسکین ہوسکتی ہے لیکن کسی اور پر اس کا اثر ہوتا ہے یا نہیں ،یہ الگ بات ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینکمیں میزبان عائشہ ناز سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان کی یہ دلیل بڑی کمزور ہے کہ پاکستان اور بھارت جوہری طاقتیں ہیں اگر جنگ ہوئی تو پوری دنیا کو خطرہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کمزور دلائل استعمال نہ کریں ۔سیاسی تجزیہ کار،روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا،حکومت نے بڑا درست فیصلہ کیا ہے اور کشمیری بھائیوں کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ پوری قوم ان کیساتھ کھڑی ہے ،اچھا ہوتا کہ پاکستان کی دیگرسیاسی جماعتیں بھی ساتھ ہوتیں۔انہوں نے کہا وزیر اعظم کے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے رابطوں سے برف پگھلی ہے ۔وزیر اعظم کو خود بھی تین چار ملکوں میں جانا چاہئے ۔ ممتاز تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھ چکاہے ۔ اسلام آباد میں دنیا نیوز کے بیورو چیف خاور گھمن نے کہا امریکا افغانستان کو ہر گز چھوڑ کر نہیں جائے گاوہ کسی حد تک اپنی موجودگی برقرار رکھے گا،امریکی فوج کے انخلا کے بعد بھی افغانستان میں امن عمل بہت پیچیدہ ہے ۔