کشمیر کی آزادی کیلئے اسلامی اتحاد فورس آکر لڑے :تھنک ٹینک

کشمیر کی آزادی کیلئے اسلامی اتحاد فورس آکر لڑے :تھنک ٹینک

ہم ذرا دور رہیں، سلامتی کونسل کی طرف سے کو ئی بیان تک نہیں آیا ، ایاز امیر ہمیں کشمیر کا مقدمہ لڑنا ،یہ کشمیر کا ہی نہیں پاکستان کا بھی مقدمہ ہے ، سلمان غنی کشمیر کا مسئلہ لمبی حکمت عملی سے حل ہوگا ، فوری کوئی نتیجہ نہیں ملے گا ، حسن عسکری ہمیں دنیا اور عوام کو ایک لائن دینی چاہئے ،یہ نہیں ہوسکتا حملہ کردیا جائے ، خاور گھمن

لاہور(دنیا نیوز)تجزیہ کار ایاز امیر نے کہاہے کہ کراچی کو روشنیوں کے شہر کی طرف لوٹانا ناممکن ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینکمیں میزبان سیدہ عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم گند صاف نہیں کرسکتے تو گند پیدا کرنا بند کردیں،پلاسٹک شاپر کا استعمال بند کرنا ہوگا۔مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے بہتر ہے جنرل (ر)راحیل شریف کی سرکردگی میں اسلامی اتحاد فورس مقبوضہ کشمیر آکر لڑے یا چینی فوج وہاں جاکر لڑے اور ہم ذرا دور رہیں۔کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں سے کچھ نہیں ہوا تو اب کیا ہوگا ؟ یہ مسئلہ جواہر لعل نہرو سلامتی کونسل لیکر گئے تھے ، ان قراردادوں سے کچھ نہیں ہوا تو سلامتی کونسل سے اب کیا ہوگا ؟ اب بھی سلامتی کونسل کی طرف سے کو ئی بیان تک نہیں آیا ہم نے کچھ نہیں کرنا ۔روز نامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر ،سینئر تجزیہ کار سلمان غنی نے کہا کہ 80کی دہائی میں کراچی میں تھا اور اس وقت یہ شہر آئیڈل تھا،یہاں ضلعی نظام تھا ۔اب مسئلہ یہ کہ سب کراچی پر قبضہ چاہتے ہیں لیکن اسے آن کرنے کو تیار نہیں ، ذمہ داریوں کا احساس نہیں ہے ۔تمام جماعتوں کے منشور میں لوکل سسٹم موجود ہے لیکن بااختیار نہیں بنایا گیا۔جب تک کراچی کی صورتحال بہتر نہیں ہوگی پاکستان بہتر نہیں ہوسکتا ۔کشمیر کی جدوجہد کے حوالے سے مایوس نہیں ہوں،مسئلہ کشمیر کا ایشو تمام ایشوز پر حاوی ہے ،پاکستان اپنی حد تک کوشش کرتا رہے گا۔افغانستان میں طالبان لڑے تھے آج امریکہ کا ناک رگڑا گیا ہے ،ہمیں کشمیر کا مقدمہ لڑنا ہے ،یہ صرف کشمیر کا مقدمہ ہی نہیں پاکستان کا مقدمہ بھی ہے ۔تجزیہ کار حسن عسکری نے کہاہے کشمیر کا مسئلہ ایک لمبی حکمت عملی سے حل ہوگا ، اس سے فوری طورپر کوئی نتیجہ نہیں ملے گا ، اگر اب سلامتی کونسل میں پاکستان کامیابی چاہتاہے تواس کو نئی قرارداد چاہئے ۔ بھارت کی کوشش تھی کہ اس مسئلے کو عالمی سطح پر نہیں جانا چاہئے ، اس وقت پاکستان بین الاقوامی سرگرمیاں کرے تواس مسئلے کومزید ہائی لائٹ کیا جاسکتا ہے ۔پاکستان کی اپنی کمزوریاں تھیں ، اگر اب سلامتی کونسل میں پاکستان کامیابی چاہتاہے تواس کو نئی قرارداد چاہئے اورفی الحال نئی قرارداد پاکستان کومل نہیں سکتی۔اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیورو چیف خاور گھمن نے کہا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال جیسی موجودہ تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔بھارت نے انتہائی قدم اٹھایا ہے ،ہمیں کیا راستہ اختیار کرنا چاہیے ۔ہمیں دنیا اور اپنے عوام کو ایک لائن دینی چاہئے ۔یہ نہیں ہوسکتا کہ حملہ کردیا جائے ۔وزیر اعظم عمران خان مودی کو ہٹلر کہنا نہیں چھوڑیں گے ،بھارتی سپریم کورٹ پر پریشر آرہا ہے ،بھارتی اخبارات میں مضامین بھی چھپ رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں