پی ایم ایس ، امتحانات کے نتائج ، کامیابی کا تناسب1 فیصد بھی نہ رہا
تحریری ٹیسٹ میں 26ہزار 228امیدواروں کی شرکت ،26ہزار 90امیدوار فیل زیادہ تر امیدوار جنرل نالج، انگریزی مضمون، اور مطالعہ پاکستان میں ناکام ہوئے
لاہور(محمد حسن رضا سے )پنجاب پبلک سروس کمیشن کے تحت پی ایم ایس 2019افسر بننے کے امتحان کے نتائج کا اعلان ،1 فیصد بھی امیدوار امتحان پاس نہ کر سکے ، پاس ہونے کا تناسب اعشاریہ 53فیصد رہا،99 اعشاریہ 47فیصد افسر بننے کے لئے امیدوار تحریری ٹیسٹ میں ہی فیل ہو گئے ۔ تحریری ٹیسٹ میں زیادہ تر امیدوار جنرل نالج، انگریزی مضمون، پاکستان افیئرز اور مطالعہ پاکستان میں فیل ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پبلک سروس کمیشن نے صوبائی مینجمنٹ سروس (پی ایم ایس)کے 2019کے بیج کے لئے امتحان لیا، جس میں 84آسامیوں کے لئے 7اپریل سے 22اپریل 2019تک امتحانات لئے گئے ،تحریری ٹیسٹ میں 26ہزار 228امیدواروں نے تحریری ٹیسٹ دیا، جس میں سے صرف 137 امیدوار امتحان پاس کر سکے ، اور 26ہزار 90امیدوار فیل ہو گئے ، جبکہ ایک امیدوار کا تحریری ٹیسٹ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر رولنمبر 15341منسوخ کر دیا گیا۔ امتحانات میں مختلف مضامین سے متعلق ٹیسٹ لئے جاتے ہیں، اوریہ تحریری ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کے پنجاب پبلک سروسز کمیشن کے چیئرمین اور ممبران انٹرویوکرتے ہیں، جس میں پاس ہونیوالوں کو پنجاب میں صوبائی افسر بھرتی کیا جاتاہے ، ان کو پنجاب میں شروع میں ٹریننگ دی جاتی ہے اور پھر انٹرن اسسٹنٹ کمشنر کسی بھی تحصیل میں اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ تعینات کیا جاتا ہے ، جس کے بعد ان کو پنجاب میں کسی بھی جگہ اسسٹنٹ کمشنر تعینات کیا جاتا ہے ، اور محکموں میں بطور سیکشن آفیسر بھی تعینات کیا جاتا ہے ، جیسے جیسے سینئر ہوتے ہیں ان کو پنجاب کے اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز، کمشنرز، ڈپٹی سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری اور سیکرٹری بھی تعینات کیاجاتا ہے ۔بعض امیدواروں کی جانب سے فیل ہونے کی وجوہات پر بات کرتے ہوئے کہاکہ پیپرز بہت مشکل تھے ، بعض نے کہاکہ پیپرز میں کچھ غیر متعلقہ سوالات پوچھے گئے تھے جبکہ بعض امیدواروں نے تسلیم کیا کہ ان کی تیاری نہیں تھی اور جو امتحان میں پوچھا گیا تھا اس میں وہ پاس نہ ہو سکے ہیں۔ اس حوالے سے پنجاب پبلک سروس کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ اگر طلباکو کوئی شکایت ہے تو وہ 7روز میں پیپرز کی ری چیکنگ کے لئے درخواست دے سکتا ہے ۔