چین نے لداخ میں بھارت پر فوجی دبائو بڑھادیا

چین نے لداخ میں بھارت پر فوجی دبائو بڑھادیا

لداخ میں چین کی جانب سے بھارتی فوج پر تواترکے ساتھ حملے کیے جارہے ہیں پاک چین دوستی کی بنیاد کشمیر،بھارت دونوں کے درمیان پھنس کر رہ گیا:چینی اخبار

بیجنگ(دنیا مانیٹرنگ)چین نے لداخ میں بھارت پر فوجی دبائو بڑھا دیاہے ،چین کی جانب سے بھارتی فوج پر تواتر کے ساتھ حملے ہورہے ہیں۔ دی سائوتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق جب سے بھارت نے مقبوضہ کشمیرکی خودمختاری ختم کی ہے ،تب سے پاکستانی وزیراعظم نے بھارت کو سبق سکھانے اور آخر تک لڑنے کے جارحانہ بیانیے کو تیزکردیاہے ،عمران خان نے بھارت کیساتھ ایٹمی جنگ تک کی دھمکی دے دی ہے ۔پاکستان کے پیچھے طاقت چین ہے ،جیسا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کا مزید علاقہ حاصل کرنا چاہتاہے ،چین نے بھی خطے کے مشرقی حصے میں بھارت پر فوجی دبائو بڑھا دیا ہے ۔ ستمبر کے کے آغاز میں مقبوضہ کشمیر کے مشرقی حصے میں بھارتی اور چینی فورسز کے درمیان جھڑپیں رپورٹ ہوئی ہیں ۔ جموں و کشمیر پر بھارت پاکستان تناؤ پر میڈیا کوریج نے ایک اہم تیسرے فریق کے کردار کو واضح کرنے میں مدد کی ہے ،چین نے بھی پاکستان کی طرح بھارتی اقدام کیخلاف سخت احتجاج کیا ۔مقبوضہ کشمیر بارے پیدا شدہ صورتحال نے پاکستان چین تعلقات کو مزید گہرا اور مضبوط کرنے میں مدد فراہم کی ہے ،اگر چہ چین اور پاکستان میں بھارت کو محدود رکھنے کا مشترکہ مفاد ہے ،دشمن کا دشمن میرا دوست کی کہاوت کو سامنے رکھتے ہوئے پاکستان اور چین نے بین الاقوامی سفارتکاری میں انتہائی پائیدار شراکت داری قائم کی ہے ۔ چینی وزیر خارجہ وانگ جی نے اس سے قبل کہا تھا کہ چین اور پاکستان اتنے قریب ہیں جتنے لب اور دانت۔ چین اور پاکستان اتحاد بھارت کیلئے دوطرفہ جنگ کا امکان پیدا کرتاہے اگر بھارت ان میں سے کسی ایک کیساتھ بھی جنگ میں جاتاہے ،یہ اتحاد دراصل مسئلہ کشمیر پر تشکیل دیا گیا تھا ۔ اس وقت چین جموں و کشمیر میں لداخ کے بھارتی سرحدی علاقوں کو کاٹنے کی کوشش سمیت بھارت پر براہ راست فوجی دبائوبڑ ھا رہا ہے ۔لداخ میں چینی فوج کے بھارتی فورسز پر دھاوے مزید مستقل اور متواتر ہوگئے ہیں ۔ چینی فوجیو ں کی بھارتی فوجیوں کیساتھ کئی بار لڑائی اورہاتھا پائی ہوئی ہے ۔چین نے بھارت کو نیچے رکھنے کیلئے پاکستان کو نیوکلیئر اور میزائل ٹیکنالوجی ،سیاسی تحفظ ،خاص طور پر اقوام متحدہ میں سفارتی معاونت کرکے بڑی مدد فراہم کی ہے ۔سادہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت دو نیوکلیئر ملکوں پاکستان اور چین میں منفرد انداز میں پھنس کررہ گیاہے ،دونوں ملک پاکستان اور چین ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر ی علاقے کے دعویدار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں