نیب:علی جہانگیر صدیقی کیخلاف انکوائری بند, سلمان شہباز کی جائیداد ضبط

نیب:علی جہانگیر صدیقی کیخلاف انکوائری بند, سلمان شہباز کی جائیداد ضبط

ہائیکورٹ کو نیب نے علی جہانگیر کیخلاف انکوائری بند کرنے سے آگاہ کر دیا ، سلمان کی جائیداد کے حوالے سے محکموں کو آگاہ کرنیکا حکم

لاہور(عدالتی رپورٹر، کورٹ رپورٹر ، این این آئی )لاہور ہائیکورٹ میں امریکا میں پاکستان کے سرمایہ کاری سفیر علی جہانگیر صدیقی کے خلاف نیب انکوائری بند کر دی گئی ، جبکہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز کی جائیداد ضبط کر لی گئی ،علی جہانگیر صدیقی کے خلاف درخواست پر گزشتہ روز سماعت ہوئی جس میں نیب نے لاہور ہائیکورٹ کو علی جہانگیر صدیقی کے خلاف نیب انکوائری بند کرنے سے متعلق آگاہ کر دیا ۔جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ درخواست گزار علی جہانگیر صدیقی کی جانب سے نیب انکوائری کو چیلنج کرتے ہوئے اسے کالعدم قرا ردینے کی استدعا کی گئی تھی۔ نیب کی جانب سے عدالت کو بتایاگیا کہ علی جہانگیر صدیقی کے خلاف انکوائری بند کردی گئی ہے ۔نیب کے جواب کے بعدعدالت کی جانب سے درخواست نمٹادی گئی ۔منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کی جائیداد ضبط کرلی گئی۔ احتساب عدالت نے جائیداد قرقی کیلئے متعلقہ محکموں کو آگاہ کرنے کا حکم دیدیا۔احتساب عدالت کے جج امیر محمد نے نیب کی درخواست پر شہباز شریف خاندان کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ پولیس نے موقف اختیار کیا کہ عدالتی احکامات پر سلمان شہباز کی طلبی کے حوالے سے اشتہارات لگائے گئے ۔نیب پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ اعوان نے موقف اپنایا کہ سلمان شہباز کو منی لانڈرنگ میں تفتیش کیلئے طلب کیا، سلمان شہباز تفتیش کیلئے پیش ہونے کے بجائے فرار ہوگئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں