نواز شریف کو لے جانیوالی ایئرایمبولینس کے اخراجات کون دے گا؟
سابق وزیر اعظم نواز شریف کو لندن لے جانے کیلئے قطر سے آنے والی ایئر ایمبولینس ایئر بس 319 کے اخراجات کی ادائیگی کون کرے گا سوالات نے جنم لے لیا۔
لاہور(نیوز رپورٹر)سابق وزیر اعظم نواز شریف کو لندن لے جانے کیلئے قطر سے آنے والی ایئر ایمبولینس ایئر بس 319 کے اخراجات کی ادائیگی کون کرے گا سوالات نے جنم لے لیا۔بتایا گیا ہے قطر سے آنے والی ایئر ایمبولینس کی پاکستان آمد اور لاہور ایئر پورٹ پر ایرونوٹیکل چارجز سمیت سی اے اے کے اخراجات کون جمع کروائے گا اس حوالے سے سول ایوی ایشن انتظامیہ اور دیگر محکمے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے لگے ۔ ایئر ایمبولینس کی گرائونڈ ہینڈلنگ ، سابق مشیر شجاعت عظیم کی کمپنی رائل ایئرپورٹ سروسز نے کی جبکہ ایرونوٹیکل و دیگر چارجز سول ایوی ایشن اتھارٹی کو کون ادا کرے گااس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔ ایرونوٹیکل و دیگر چارجز کی مد میں 4500 ڈالر سے لیکر 7000 ڈالر تک کی ادائیگیاں واجب الادا ہیں۔ بعض چھوٹی ایئر ایمبولینسوں کے چارجز سی اے اے وصول نہیں کرتی۔ پاکستان سے لندن پہنچنے تک ایئرایمبولینس کے اندازاً اخراجات ایک لاکھ پائونڈ سے زائد ہیں۔ قطر ایئر ایمبولینس کا کرایہ یومیہ ایک لاکھ پائونڈ سے زائدہے جبکہ فلائٹ سرجن کی فیس 700 پائونڈ یومیہ، ڈاکٹرز 700 پائونڈ، نرس کی 350 پائونڈ، پیرامیڈیکل سٹاف کی یومیہ فیس 350 پائونڈ ہے ۔ علامہ اقبال ایئرپورٹ پر موجود سی اے اے انتظامیہ نے معاملے پر خاموشی اختیار کرلی ۔لاہور ایئرپورٹ پر موجود پی آر او سی اے ا ے نے بھی فون اٹینڈ نہ کیا جبکہ کراچی میں تعینات پی آر او بھی فون پر بات کرنے سے گریز کرتے رہے لینڈ لائن پر فون سننے کے بجائے آپریٹر نے جواب کے طور پر کہا وہ تو عمرے پر گئے ہیں۔