31 سبزی منڈیوں میں کسان پلیٹ فارم قائم, عوام کو ریلیف ملے گا : بزدار

31 سبزی منڈیوں میں کسان پلیٹ فارم قائم, عوام کو ریلیف ملے گا : بزدار

سبزیوں،پھلوں ،دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ برداشت نہیں ، عوام کے ریلیف کیلئے سب کچھ کرینگے پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ ایکٹ2019کی منظوری تاریخی اقدام، صنعتی کارکنوں کیلئے رہائشی کالونیاں بنائی جائینگی

لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی خصوصی ہدایت پر 32 ماڈل بازاروں کے بعد صوبے کے مختلف شہروں کی31سبزی منڈیوں میں بھی کسان پلیٹ فارم قائم کردیئے گئے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے جو کچھ ممکن ہوا کرتی رہے گی۔ 32 ماڈل بازاروں کے بعد31سبزی منڈیوں میں کسان پلیٹ فارم کے قیام سے عوام کو ریلیف ملے گا۔کسان پلیٹ فارم پر کاشتکار اپنی اجناس براہ راست فروخت کررہے ہیں اور کاشتکاروں کومنڈیوں میں اپنی اجناس براہ راست فروخت کرنے کیلئے مفت جگہ دی گئی ہے ۔ لاہور کی4 سبزی منڈیوں بادامی باغ،سنگھ پورہ،ملتان روڈ اور کاہنہ کاچھا میں کسان پلیٹ فارم قائم کئے گئے ہیں جبکہ بہاولپور، ساہیوال،گوجرانوالہ، فیصل آباد،ڈیرہ غازی خان، سرگودھا اور ملتان کی سبزی منڈیوں میں بھی کسان پلیٹ فارم کی سہولت فراہم کی گئی ہے ،اسی طرح شیخوپورہ،قصور، بہاولنگر، صادق آباد،میانوالی،ٹوبہ ٹیک سنگھ،بوریوالا،مظفر گڑھ اورسیالکوٹ کی سبزی میڈیوں میں کسان پلیٹ فارم کا قیام عمل میں لایاگیا ہے ۔جہلم،منڈی بہاؤالدین،بھکر،پاکپتن،اوکاڑہ،گجرات،رحیم یار خان،چکوال، راجن پور،چیچہ وطنی اورتلہ گنگ کی سبزی منڈیو ں میں بھی کسان پلیٹ فارم قائم کردیئے گئے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کسان پلیٹ فارم ہماری حکومت کا ایسا اقدام ہے جس سے عوام کو سستے داموں سبزیاں مل رہی ہیں ،عوام کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے ۔سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گااورجہاں شکایت ملی وہاں پر بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔سردار عثمان بزدار نے کہاپنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ ایکٹ2019 کی پنجاب اسمبلی سے منظوری ایک تاریخی اقدام ہے ۔پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ ایکٹ پر عملدر آمد سے صنعتی کارکنوں کی حالت زارمیں نمایاں بہتری آئے گی۔ آئندہ سے پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کی مد میں محصولات کی وصولی پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہوگی، صنعتی کارکنوں کو سہولیات کی فراہمی بھی صوبائی حکومت کے ذمہ ہوگی۔پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کی وصولی صوبائی سطح پر پنجاب ریونیو اتھارٹی کرے گی۔ صنعتی کارکنوں کو ان کے جائز حقوق ترجیحی بنیادوں پر دینگے ۔ انہوں نے کہا پنجاب ورکرز ویلفیئرفنڈ کے تحت صنعتی کارکنوں کو مختلف سہولتیں فراہم کی جائیں گی،صنعتی کارکنوں کیلئے رہائشی کالونیاں بنائی جائیں گی۔ صنعتی کارکنوں کے بچوں کیلئے مفت تعلیمی سہولتیں اوربچیوں کیلئے شادی گرانٹ بروقت مہیا کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں