نیاپاکستان ہائوسنگ منصوبہ،20لاکھ گھردیہات میں دیئے جائینگے
دیہات میں سنگل سٹوری گھر7،شہروں میں 26لاکھ کافلیٹ،گھر13لاکھ میں دیاجائیگا باقی 13لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائیگی،منصوبہ ضرور مکمل کیا جائیگا، سینئر عہدیدار
اسلام آباد(خبرنگار خصوصی)نیاپاکستان ہائوسنگ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ دیہات کے عوام کو 20 لاکھ سنگل سٹوری مکانات 7 لاکھ روپے فی مکان کے حساب سے بناکر فراہم کئے جائیں گے ، شہروں میں 26 روپے مالیت کا مکان یا فلیٹ 13 لاکھ روپے میں فراہم کیا جائیگا، باقی 13 لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی، ملک کے اہم مقامات پر کمرشل پلازے ، شاپنگ مالز اور دیگر عمارات بناکر حاصل ہونے والی آمدنی اس پراجیکٹ کے اگلے مراحل پر خرچ کی جائے گی۔ پاکستان انوویٹیو فنانس فورم سے خطاب کرتے ہوئے نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کے سینئر عہدیدار بریگیڈیئر احسان اللہ نے کہا ملک میں ایک کروڑ20لاکھ گھروں کی ضرورت ہے ، ہر سال کی مانگ کا نصف بھی پورا نہیں کیا جاسکتا، شہروں پر دبائو کم کرنے کیلئے 50لاکھ گھروں میں سے 20لاکھ دیہات کے عوام کو فراہم کئے جائیں گے ،دیہات میں650مربع فٹ سے 900مربع فٹ کے گھر 6 سے 7لاکھ روپے میں فراہم کئے جائیں گے کیونکہ دیہات میں زمینیں سستی ہیں لہذا اس پر سبسڈی نہیں دینی پڑے گی تاہم شہروں میں زمینیں مہنگی ہونے سے فلیٹ تعمیر کرنے پر توجہ دی جائے گی اور شہروں سے کچھ باہر علاقوں میں گھر بناکر دیئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا 50لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ ضرور مکمل کیا جائے گا ، ابتدائی طور پر کچھ مشکلات ہیں لیکن کچھ عالمی مالیاتی اداروں اور ملکی بینکوں کے ساتھ مزاکرات آخری مراحل میں ہیں، جلد ہی معاہدوں پر دستخط کر لئے جائیں گے جس کے بعد منصوبے میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے کہا جب تک نجی شعبے کا اعتماد بحال نہیں ہوتا اور انہیں مناسب منافع نہیں دیا جاتا اس وقت تک نجی شعبے کو اس اہم منصوبے کی جانب سے نہیں لایا جاسکتا۔