پیپلز پارٹی ،ن لیگ موجودہ حالات میں غیر اہم :تھنک ٹینک
ن لیگ مرہم پٹی میں مصروف:ایازامیر ، حکومت ڈلیور نہیں کرپارہی :سلمان غنی مریم مصلحت کے تحت خاموش:حسن عسکری،پارٹی فیصلے شہبازشریف کررہے :خاور گھمن
لاہور (دنیا نیوز )معروف تجزیہ کار ایاز امیر نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی اورن لیگ کا وجود ختم نہیں ہوا ، یہ بڑی پارٹیاں ہیں سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور پنجاب میں بھی ن لیگ کی بہت سی نشستیں ہیں لیکن اس وقت جوقومی معاملات چل رہے ہیں ، ان میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی اہم نہیں رہیں۔دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینکمیں میزبان عائشہ ناز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ایاز امیر نے کہا کہ ن لیگ اپنی مرہم پٹی کررہی ہے اور جو ریلیف ان کو مل رہاہے ، اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ مریم نواز کی طرف سے مکمل خاموشی جبکہ بلاول کے چنگھاڑنے کا بھی کوئی اثرنہیں ہے ۔ مریم چپ ہیں اور بلاول بول رہے ہیں ، ان کا ہماری سیاست پر کوئی اثرنہیں ہے ۔ گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر روزنامہ دنیا سلمان غنی نے کہاہے کہ ن لیگ نے مریم نواز کوبیان دینے سے روکاہوا ہے جس طرح کے حالات ہیں،اگران حالات میں اپوزیشن کو ایک دھارے میں رکھا ہوا ہے تو پاکستان کی حکومت نے رکھا ہواہے ۔ اگر حکومت ڈلیور کرتی توعوام مڑ کر بھی اپوزیشن کی طرف نہ دیکھتے ۔ اس وقت بہت سے مسائل ہیں جن میں غربت ،مہنگائی اوربیروز گاری ہے ، اس وقت نوازشریف جس صورتحال سے دوچار ہیں ،اس کے بھی اثرات ہیں لیکن کیااس سے ن لیگ کی مقبولیت ختم ہورہی ہے میں یہ ماننے کیلئے تیار نہیں ہوں۔ اس حکومت کو آئے 15 ماہ گزر چکے ہیں ،حکومت آنے سے لوگوں کے حالات مزید خراب ہوئے ہیں جب آئی ایم ایف کی ٹیم پر انحصار کیاجائے گا تو وہ ٹیم تو اپنے ادارے کاخیال رکھے گی۔ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریا ں دینی تھیں ،50 لاکھ گھر دینے تھے الٹا 20 لاکھ لوگ فارغ ہو گئے ۔ تجزیہ کارڈاکٹرحسن عسکری نے کہا کہ مریم نواز کو بیان بازی نہیں کرنی چاہئے ، ان کے والد کی صحت خراب ہے اور وہ ان کی تیمارداری کیلئے باہرجانا چاہتی ہیں، اگروہ بیان بازیاں کریں گی تو ان کا بیرون ملک جانے کا کیس خراب ہوجائے گا ۔ اس وقت جوحالات ہیں ان میں مریم نواز کو بیان بازی نہیں کرنی چاہئے ، ان کے والد کی صحت خراب ہے اور وہ ان کی تیمارداری کیلئے باہرجانا چاہتی ہیں۔ اگروہ بیان بازیاں کریں گی تو ان کا بیرون ملک جانے کا کیس خراب ہوجائے گا ۔ بلاول کی بیا ن بازی سے بھی کوئی خاص اثراس لئے نہیں پڑے گا کہ وہ ابھی تک کوئی پلان دینے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔تجزیہ کار و اسلام آ باد کے بیورو چیف خاور گھمن نے کہا کہ حکومت صاف کہہ چکی ہے کہ وہ مریم کو باہر جانے کی اجازت نہیں دے گی ، اطلاعات ہیں کہ مریم نواز نے ابھی تک درخواست ہی نہیں دی ، انہیں پارٹی کی جانب سے منع کیا گیا کہ وہ کوئی بیان نہ دیں ۔ عدالت ان کیخلاف فیصلہ دے چکی ہے ۔ شہباز شریف نے اس وقت پارٹی کو اپنے پروں میں لے رکھا ہے ،پارٹی میں انکے فیصلوں کو مانا جارہا ہے ۔ جب تک بلاول اپنے والد اور پھوپھی کا نظریہ آگے بڑھا ئیں گے ، ان کی بات کی کوئی وقعت نہیں ہو گی ۔۔