نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس: 6ارب روپے کی مبینہ کرپشن
بھارتی سرحد سے صرف 800میٹر دور 44ایکڑ پر سپورٹس سٹی کمپلیکس کی تعمیر کی گئی سابق ڈی جی سپورٹس بورڈاختر گنجیرا خود ساختہ پراجیکٹ ڈائریکٹر بنے رہے :ذرائع
لاہور(محمد حسن رضاسے )مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال پر نیب کے الزامات سامنے آگئے ، لیگی رہنما نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سپورٹس سٹی کمپلیکس تعمیر کرایا، جس میں 6 ارب روپے کی خورد برد کا الزام ہے ، نیب ذرائع کے مطابق سپورٹس سٹی کمپلیکس بھارتی سرحد سے (صرف 800 میٹر دور 44 ایکڑ پر تعمیر کیا گیا، جس کے لئے پی ایس ڈی پی میں خصوصی رقم رکھی گئی،منصوبے کیلئے تمام فنڈز پاکستان سپورٹس بورڈ کے ذریعے خرچ کرائے گئے ،احسن اقبال نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کی عدم تقرری سے واقف ہونے کے باوجود احکامات دیئے ، سپورٹس بورڈ کی نئی انتظامیہ نے 16 اپریل کو وزارت بین الصوبائی رابطہ کی توجہ دلائی تھی، جس کے بعد چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب کو اختر نواز گنجیرا کے بیرونی دوروں کی تحقیقات کا حکم دیا ،سابق ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈاختر گنجیرا سپورٹس کمپلیکس کے خود ساختہ اور غیر قانونی پراجیکٹ ڈائریکٹر بنے رہے ، وہ بلوں پربھی خود ہی دستخط کرتے ،سابقہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے منصوبہ مکمل ہونے سے قبل ہی اس کا افتتاح کر دیاتھا، اختر گنجیرا نے احسن اقبال کے احکامات پر غیر قانونی طور پرنان شیڈولڈ چیزوں کی مد میں جعلی کوٹیشن کے ذریعے کروڑوں روپے کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پرمن پسند ٹھیکیداروں کو دیا،اس کے علاوہ ہاکی سکور بورڈ،ڈانسنگ فائونٹینز، فلٹریشن پلانٹ سمیت ناقص میٹریل خریدا گیا ،بعد ازاں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی جعلی ٹیسٹ رپورٹ تیار کی گئی جس میں سارے سامان کودرست قرار دیدیا گیا تھا اور ادائیگیاں بھی کر دی گئیں ،جس کے عوض 25کروڑ روپے ادا کئے گئے تھے ، نیب نے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے سابق دور کے ڈپٹی کمشنر، کمشنر اور دیگر افسروں کے حوالے سے بھی تحقیقات شروع کر دیں ۔ 6 ارب کریشن