آرمی ایکٹ حمایت:ن لیگ فضل الرحمان کومنانے میں ناکام
ہم فیصلہ کرچکے ،اعتمادمیں نہ لینے پر آپ سے گلہ رہیگا:سربراہ جے یوآئی کاوفدکوجواب
اسلام آباد(طارق عزیز)مسلم لیگ(ن ) فضل الرحمان کو آرمی ایکٹ میں ترمیم کی حمایت کے لئے راضی کرنے میں ناکام ہوگئی،فضل الرحمان نے کہاجے یو آئی اپنافیصلہ کر چکی ہے جس طرح ن لیگ اپنا فیصلہ واپس نہیں لے سکتی، اس طرح ہم بھی اپنا موقف تبدیل نہیں کر سکتے ’ سربراہ جے یو آئی ف نے کہاکہ یہ گلہ ہمیشہ موجود رہے گا کہ آپ نے اتنے اہم فیصلے کے بارے میں اتحادی اپوزیشن جماعت کو اعتماد میں نہیں لیا اور اب فیصلے کے بعدمشاورت کیلئے آئے ہیں،اس لئے میرے پاس معذرت کے سوا کوئی آپشن نہیں’ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز رانا تنویرحسین، رانا ثناء اللہ’سردارایاز صادق اور مرتضیٰ جاوید عباسی پرمشتمل ن لیگ کے وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اوربتایا کہ قائد نواز شریف کی ہدایت پر جے یو آئی کو اعتمادمیں لینے آئے ہیں کہ مسلم لیگ ن نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے ،فضل الرحمان نے واضح انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی میں مشاورت ہوچکی ہے اور ہم اپنے فیصلے سے قوم کو آگاہ کر چکے ہیں۔