فیصل واوڈا ٹی وی شو میں فوجی بو ٹ اٹھا لا ئے

 فیصل واوڈا ٹی وی شو میں فوجی بو ٹ اٹھا لا ئے

وفاقی وزیر نے بوٹ میز پر رکھ کر کہا ن لیگ، پیپلز پارٹی نے لیٹ کر اسے عزت دی لیگی رہنما سینیٹر جاوید عباسی ،پی پی رہنما کائرہ کا احتجاج، پروگرام سے اٹھ کر چلے گئے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نجی ٹی وی شو میں ہاتھ میں فوجی بوٹ لے کر آگئے ۔انہوں نے بوٹ ہاتھ میں پکڑ کر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے حوالے سے انتہائی سخت انداز اپنایا ۔دوران گفتگو صورتحال اس وقت انتہائی مضحکہ خیز ہوگئی جب فیصل واوڈا نے 'فوجی بوٹ' میز پر رکھتے ہوئے کہا مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے لیٹ کر بوٹ کو عزت دی ۔فیصل واوڈا نے کہا انہوں نے بوٹ کو چوم کر عزت دی ہے ، کوئی شرم اور حیا ہے ؟ قوم نے ان کی اصلیت دیکھ لی۔اس پر پیپلز پارٹی کے قمر زمان کائرہ نے کہا اگر بوٹ سامنے رکھ کر یہ کہہ رہے ہیں کہ جو کرایا ہے فوج نے کرایا ہے تو ان کے کہنے کا مطلب ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ان کے کہنے پر نہیں فوج کے دباؤ پر ووٹ دیا ہے ۔ لیگی رہنما سینیٹر جاوید عباسی اور پی پی رہنما کائرہ نے اس عمل پر احتجاج کیا اور پروگرام سے اٹھ کر چلے گئے ۔دونوں رہنمائوں کے پروگرام سے جانے پر فیصل واوڈا نے تبصرہ کیا کہ یہ یہی کرسکتے ہیں، 35 سال سے یہ جو سمجھتے آئے ہیں وہی سمجھ رہے ہیں، یہ چور لٹیرے ہیں ، اپنا مطلب ہو تو لیٹ جاتے ہیں، یہ لوگ ہمیشہ الیکشن چوری کرکے اقتدار میں آئے ، آج میں نے ان کو بے نقاب کیا اس لیے پروگرام سے چلے گئے ۔ میزبان نے کہا میں تو سمجھا کہ آپ بندوق لے آئے ہیں، یہ تو بندوق سے بھی زیادہ خطرناک چیز لائے ہیں۔ میزبان نے بوٹ لانے پر کہا یہ پاکستان کے نظام کی توہین ہے ۔فیصل واوڈا نے سابق وزیر اعظم کی صحت کے حوالے سے کہا نواز شریف کے باہر جانے سے پہلے ہی کہہ رہا تھا کہ وہ بیمار نہیں بلکہ باہر بھاگنے کے راستے ڈھونڈ رہے ہیں، پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ نواز شریف کی بیماری ڈرامہ ہے ۔ مریم نواز کس کی عیادت کرنے بیرون ملک جانا چاہتی ہیں؟ مریم نواز کو باہر نہیں جانے دیں گے ۔یاد رہے حکومت کے آرمی ترمیمی ایکٹ بلز کی اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن)اور پیپلزپارٹی نے حمایت کی تھی جس کے بعد یہ بلز قومی اسمبلی اور سینیٹ سے کثرت رائے سے منظور کرالئے گئے تھے ۔ عوامی طبقات کی جانب سے فیصل واوڈا پر ٹی وی پروگرام میں فوجی بوٹ لانے پر شدیدتنقید کی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں