تحریک انصاف کا دور حکومت : آٹآ , گھی ,چینی , دال , پٹرول , گیس سمیت ہر چیز کی قیمت بڑھی

تحریک انصاف کا دور حکومت : آٹآ , گھی ,چینی , دال , پٹرول , گیس سمیت ہر چیز کی قیمت بڑھی

لہسن 145،ٹماٹر 85،پیاز69اور آلو53فیصد مہنگے ،دال مونگ 107، ماش 62،مسور 31،دال چنا 37فیصد مہنگی آٹے کی قیمت 24فیصد بڑھی،چینی 36،مٹن14،چکن51،گھی21اور ایل پی جی 12فیصد مہنگی ، دنیا کی تحقیقاتی رپورٹ

لاہور(زاہدعابد)مہنگائی نے عوام کو چکرا کے رکھ دیا ۔ تحریک انصاف کے دور میں دال،آٹا ، چکن ،گھی ،چینی ،سبزی،ایل پی جی سب کچھ ہی مہنگا ہو گیا ۔ لہسن 145،ٹماٹر 85 ،پیاز69 اور آلو53 فیصد مہنگے ہو گئے ۔ دال مونگ 107، دال ماش 62 ، دال مسور 31، دال چنا 37 فیصد مہنگی ہو ئی، آٹے کی قیمت 24 فیصد بڑھی۔چینی 36،مٹن14، چکن51، گھی21 اور ایل پی جی 12 فیصد مہنگی ہو گئی ۔روزنامہ دنیا کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے اوسط اعدادو شمار نے ہی سب چاک کر دیا ۔ستمبر 2018 سے جنوری 2020 کے 16 ماہ عوام پر بھاری پڑ گئے ۔ستمبر 2018 میں دال مونگ کی قیمت 112روپے کلو تھی جو اب 107فیصد اضافے سے 232روپے کلو ہو چکی ہے ۔دال مسور کی ملک بھر میں اوسط قیمت 112 روپے فی کلو تھی جو اب سرکاری اعدادوشمار میں ہی31 فیصد مہنگی ہو کر 147 روپے کلو ہو چکی ہے ۔دال چنا ستمبر 2018 سے اب تک 37 فیصد مہنگی ہو کر 118 سے 162 روپے کلو ہو ئی ہے ۔دال ماش 62فیصد مہنگی ہو کر 140 سے 227 روپے کلو ہوچکی ہے ۔سبزیوں میں لہسن کی قیمت 145فیصد اضافے سے 121 سے 297 روپے کلو تک جا پہنچی ہے ۔پیاز 69 فیصد مہنگا ہو کر 36 سے بڑھتا ہوا 61روپے کلو ہو گیا ہے ۔آلو کی قیمت 53فیصداضافے سے 30 سے 46 روپے کلو ہے جبکہ ٹماٹر 85فیصد مہنگا ہو کر 59 روپے سے 109 روپے کلو ہو گیا۔ 20کلو آٹے کا تھیلا 24 فیصد مہنگا ہونے سے 777 سے بڑھتے ہوئے 968 روپے کا ہو چکا ہے ۔ چائے کا 190گرام کا پیکٹ ستمبر 2018 سے جنوری 2020تک 17فیصد اضافے سے 195 سے 229 روپے تک پہنچ چکا ہے ۔ مرغی کا گوشت 51فیصد اضافے سے 115 سے 174 روپے کلو ہوا ہے ۔مٹن گوشت کی قیمت 14فیصد اضافے سے 780 سے 891روپے کلو تک جا پہنچی ہے ۔چینی بھی 36 فیصد مہنگی ہوئی جو 55 سے 75 روپے کلوہوگئی جبکہ برانڈڈخوردنی گھی کا ڈھائی کلو کا پیکٹ 21فیصد مہنگا ہو کر 474 سے 575روپے کا ہو چکا ہے اور ایل پی جی کا گھریلو استعمال کا سلنڈر 12 فیصد اضافے سے 1630 سے 1840روپے کا ہو گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں