پنجاب :کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کو مزید بااختیار بنانے کا فیصلہ
عوامی نمائندوں کے اعتراض غلط ، میرٹ سے ہٹ کر کوئی کام نہیں کریں گے ، بیوروکریسی چیف سیکرٹری نے پبلک سروس ڈلیوری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنیکی ہدایت کی
لاہور(محمد حسن رضا سے )عوامی نمائندوں کے اعتراضات کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب اعظم سلیمان کی زیر صدارت پنجاب بیوروکریسی کے اعلیٰ سطح اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کو مزید بااختیار بنانے پر کام کیا جائے گا اورمحکموں سے کچھ اختیارات لے کر ضلعی افسران کو دئیے جائیں گے ۔اجلاس میں افسران نے عوامی نمائندوں کی جانب سے کام نہ کرنے کے اعتراض کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرٹ سے ہٹ کر کوئی کام نہیں کریں گے ۔اس موقع پر چیف سیکرٹری نے تمام افسران کو حکم دیدیا کہ وہ عوامی نمائندوں کیساتھ رابطے بڑھائیں اور ان کے جائز کاموں پر فوری عمل درآمد کریں تاکہ سروس ڈلیوری بہتر ہو اور عوام کو ریلیف ملے ۔تفصیل کے مطابق پنجاب کی بیوروکریسی کے دو الگ الگ اجلاس ہوئے ۔ پہلا اجلاس چیف سیکرٹری پنجاب میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان کی سربراہی میں ہوا، جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ حامد یعقوب شیخ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شوکت علی اور تمام محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریزجبکہ کمشنر ز نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری اعظم سلیمان نے کہا کہ بطور پبلک سرونٹ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم حکومتی پالیسیوں پر بر وقت عملدرآمد کیلئے گورننس اور سروس ڈلیوری کو بہتر کریں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور سسٹم بھی درست طریقے سے چلے ،منتخب نمائندوں کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے ۔ انہوں نے حکم دیا کہ جو کام میرٹ، پالیسی اور قانون کے مطابق ہو وہ فوری کیا جائے لیکن غلط کام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دوسری جانب پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز ایسو سی ایشن پنجاب کا اجلاس صدر بابر حیات تارڑ کی سربراہی میں ہوا جس میں متعدد بیوروکریٹس نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پبلک سروس ڈلیوری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا اور بیوروکریسی ہر ممکن طورپر معاملا ت کو مثبت انداز میں چلانے کے لئے اقدامات کرے گی ۔