اپوزیشن غائب، فوج ساتھ، حکومت پھر بھی ڈلیور نہیں کررہی
3روپے کی بجلی صارفین کو25 میں فروخت،آئی پی پیز17 فیصد منافع بٹور رہے مہنگائی چھپڑ پھاڑ رہی:میزبان’دنیا کامران خان کیساتھ،جلد اچھی خبر آئیگی:عمر ایوب
لاہور (دنیا نیوز)موجودہ حکومت کو فوج سے ہر معاملے میں جو سپورٹ ملی ہے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ،فوج حکومت کو سہارا دے رہی ہے اور مسائل کے حل میں اپنی پوری قوت لگا رہی ہے ۔دوسری طرف حکومت کو اس وقت اپوزیشن کا سامنا نہیں ۔ پارلیمنٹ میں بھی کوئی ایسی صورتحال نہیں ہے اس کے باوجود حکومت ڈلیور نہیں کر رہی ۔ ان خیالات کا اظہار دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا کامران خان کیساتھ‘‘ کے میزبان نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی چھپڑ پھاڑ رہی ہے ،روزگار نہیں ہے ،کنسٹرکشن انڈسٹری منجمد ہو گئی ہے اور معاشی و کاروباری اعتبار سے حالات بہت خراب ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان سمجھتے ہیں کہ کوئی مافیا اور کارٹلز کام کر رہے ۔اور وزیر اعظم یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہیں کوئی سازش تو نہیں ہورہی ؟کیا ان کی حکومت کے خلاف کچھ ہورہا ہے ؟اس ماحول میں وزیر اعظم کی ڈی جی آئی ایس آئی سے ملاقات ہوئی ہے ۔ تاہم حقیقت یہ ہے کہ حکومت ڈلیور نہیں کر رہی ،اس کا اعتراف گورنر پنجاب چودھری سرور نے بھی کیا ہے ، جن کا کہنا ہے کہ لوگ گڈ گورننس چاہتے ہیں وہ تعلیم ،صحت امن و امان میں بہتری چاہتے ہیں وہ مہنگائی اور کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں ۔میزبان نے اس توقع کا اظہار کیا کہ یہی بات آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات میں کہی ہوگی۔میزبان کے مطابق پاکستان میں اس وقت ضرورت سے کہیں زیادہ بجلی بن رہی ہے ۔بجلی کے کارخانے ڈالر کے تناسب سے 17فیصد منافع بٹور رہے ہیں اس بجلی کے لئے جو ہم استعمال بھی نہیں کر رہے ۔بجلی چوری اور لائن لاسز کے 24فیصد نقصانات جاری ہیں اور نقصانات کا بوجھ بھی عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے ۔ 3روپے یونٹ کی بجلی گھریلو صارفین کو 20روپے اور کمرشل صارفین کو 25روپے فی یونٹ تک میں فروخت کی جا رہی ہے ۔ اس صورتحال کے حوالے سے وفاقی وزیرتوانائی عمر ایوب نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت نے بجلی کے ٹیرف کو 2 سال تک نہیں بڑھایا۔اس نے بجلی کے غلط معاہدے کیے ، ہم بجلی سستی کرنے سے متعلق اقدامات کررہے ہیں اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں بہتری لارہے ہیں، عوام کوجلداچھی خبرسننے کوملے گی۔عمرایوب کا کہنا تھا کہ 112 ارب روپے بجلی چوری کی روک تھام سے ریکورکئے ، امپورٹڈکوئلے سے بجلی پیداکرنے سے زرمبادلہ بیرون ملک جارہاہے ،حکومت بجلی خریدنے کی نئی پالیسی متعارف کرائے گی ،نئے پاورپلانٹس لگانے سے لوڈ شیڈنگ میں کمی ہوگی۔ میزبان نے سپریم کورٹ کے کراچی میں ناجائز تجاوزات کے حوالے سے کہا کہ سپریم کورٹ کراچی کے آنسو پونچھ رہی ہے ۔