44 ہزار افراد کیلئے ایک یوٹیلیٹی سٹور , متعدد اشیا دستیاب ہی نہیں
لاہور میں ایک لاکھ 9 ہزار افراد کیلئے صرف ایک یوٹیلیٹی سٹور؛ دالوں ، بیسن اور کالے چنے سمیت متعدد اشیا ئے ضروریہ غائب ہیں کارپوریشن 6 سال سے مالی بحران کا شکار، ن لیگ صرف سبسڈی کا اعلان کرتی رہی ،ریلیف پیکیج سے صارفین کی تعداد بڑھ رہی ہے :منیجر
لاہور( عبدالقادر مدنی سے )وزیراعظم عمران خان نے یوٹیلیٹی سٹورز کے لیے 10ارب روپے کا ریلیف پیکیج فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ، تاہم آبادی کے تناسب سے یوٹیلیٹی سٹورز کی کم برانچز نے ریلیف پیکیج کی افادیت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے ۔ سٹورز پر متعدد اشیا تاحال دستیاب ہی نہیں ہیں روزنامہ دنیا کو موصول ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 22 کروڑ عوام کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز کی5ہزار سے زائد شاخیں موجود ہیں۔ اس تناسب سے 44ہزار افراد کیلئے ایک یوٹیلیٹی سٹور مختص ہے ۔ اسی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور کی آبادی تقریباً 1کروڑ20لاکھ کے قریب ہے جبکہ یوٹیلیٹی سٹورز کی تعداد11ہے جوکہ دو ریجنز پر مشتمل ہیں۔ اس تناسب سے لاہور کے 1لاکھ 9ہزار باسیوں کیلئے صرف ایک یوٹیلیٹی سٹور مختص ہے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن گزشتہ6سال سے مالی بحران کا شکار ہے مسلم لیگ ن کی سابق حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی سٹورز پر ہر سال رمضان المبارک اور دیگر ایام میں سبسڈی کا اعلان کیا جاتا رہا لیکن یوٹیلیٹی سٹورز کو سبسڈی کی رقم فراہم ہی نہ کی گئی جس کے باعث وفاقی حکومت یوٹیلیٹی سٹورز کی25ارب روپے کی نادہندہ ہوگئی۔لاہور کے یوٹیلیٹی سٹورز پر تاحال اشیائے ضروریہ کی عدم دستیابی کی صورتحال مکمل طورپر ختم نہیں ہوسکی ۔ دال ماش، دال مسور ، دال مونگ ، بیسن اور کالے چنے سمیت متعدد اشیائے ضروریہ کی عدم دستیابی جاری ہے ۔ اس حوالے سے منیجر یوٹیلیٹی سٹور اور یوٹیلیٹی سٹورز ایمپلائیز ویلفیئر یونین کے جنرل سیکرٹری الیاس منہاس نے کہا ہے کہ حکومت سے گزشتہ ڈیڑھ سال سے سبسڈی کی رقم کا مطالبہ کررہے تھے گزشتہ حکومت کی جانب سے پانچ سال یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈی تو دی جاتی رہی لیکن سبسڈی کی رقم فراہم نہ کی گئی جس سے یوٹیلیٹی سٹورز مالی بحران کا شکار ہوئے تاہم اب موجودہ حکومت نے 25ارب کی خطیر رقم میں سے 1ارب گزشتہ رمضان المبارک اور6ارب روپے گزشتہ ماہ جاری کئے ، جبکہ 15ارب روپے کا مزید ریلیف پیکیج فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ویران یوٹیلیٹی سٹورز میں صارفین کی تعداد بڑھنے لگی ہے ۔