وزیر اعظم کی ٹیم کی لاپروائی،مہنگائی کا 10سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
ذخیرہ اندوز اور ناجائز منافع خور نہال ہوگئے ،میزبان ’’دنیاکامران خان کیساتھ‘‘ ٹڈی دل کاحملہ چیلنج، 17فروری سے بلوچستان میں آپریشن شروع،خسرو بختیار
لاہور(دنیا نیوز)میزبان ’’دنیاکامران خان کیساتھ‘‘نے کہا ہے میڈیا رپورٹس اور تمام تجز یے یہ کہتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کی ٹیم کی لاپروائی اور غلط اندازوں یا دیگر وجوہات کی وجہ سے ملک کوچھپر پھاڑ مہنگائی کا سامنا ہے ، مہنگائی کا دس سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے ،تعجب کی بات ہے پاکستان جیسے زرعی ملک میں مہنگائی کی سب سے بڑی وجہ چینی، ٹماٹر، پیاز، گھی، تیل اور دوسری چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہے ، محکمہ شماریات کے مطابق جنوری میں مہنگائی پراثرات سو فیصد کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں کی وجہ سے آئے ،آ ٹا24فیصد ،چینی 26 ،گھی اور تیل 20فیصد مہنگے ہوگئے ،طلب و رسد کا درست اندازہ نہیں لگایا گیا جس کی وجہ سے ذخیرہ اندوز اور ناجائز منافع خور نہال ہو گئے ،اس سال گندم کا ہی نہیں کپاس کی فصل کا بھی نقصان ہوا ہے ، کپاس کی پیداوار میں 40فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ،تعجب کی بات ہے کہ بھارت میں پاکستان جیسے موسم کے باوجود اس سال کپاس کی فصل میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے ،فصلوں کو نقصان پہنچانے کی رہی سہی کسر ٹڈی دل نے پوری کردی ۔ وفاقی وزیر خوراک مخدوم خسرو بختیار نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا سال کے شروع میں پبلک سیکٹرمیں گندم کا 37 لاکھ ٹن سٹاک تھا، امیدتھی کہ گندم کی فصل تقریباً 26 لاکھ ٹن سے اوپرہوگی ،اضافی گندم کا سٹاک 29 لاکھ ٹن تھا،اس کو یکھتے ہوئے پچھلے ادوار میں ایکسپورٹ کافیصلہ کیاگیا ،تقریباًساڑھے 5 لاکھ ٹن گندم ایکسپورٹ کی گئی،لیکن اس سے زیادہ مسئلہ یہ پیدا ہوا کہ سندھ نے گزشتہ سال گندم کی خریداری بالکل نہیں کی،اس سال پورے ملک میں 84 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے ،رواں سال سندھ نے 14 لاکھ ٹن گندم خریدنے کافیصلہ کیاہے ، جبکہ پچھلے سال ایک دانہ بھی نہیں خریدا تھا ،انہوں نے چینی کی قیمت کے بارے میں بتایا کہ چینی سے متعلق ای سی سی اجلاس میں نہیں بیٹھتا کیونکہ یہ میراخاندانی کاروبارہے ، انہوں نے بتایا کہ ٹڈی دل کاحملہ بہت بڑاقومی اوربین الاقوامی چیلنج ہے ، پاکستان سمیت30 ممالک متاثر ہیں ،گراؤنڈآپریشن کیلئے صوبوں سے ملکر128 ٹیمیں بنادی ہیں، 17 فروری سے گراؤنڈآپریشن بلوچستان میں شروع ہوجائے گا جس میں کوتاہی کی بالکل گنجائش نہیں۔