امن معاہدہ: خطے کی سیاست پر مثبت اثرات پڑیں گے

 امن معاہدہ: خطے کی سیاست پر مثبت اثرات پڑیں گے

فریقین کو میز پر لانے میں کئی نشیب و فراز ، پاکستان نے یہ سفر پورا کیا امریکا کی ناکام واپسی ،میزبان کی ’’دنیا کامران خان کیساتھ‘‘ میں گفتگو

لاہور(دنیا نیوز)میزبان ’’دنیا کامران خان کے ساتھ‘‘کے مطابق عالمی سیاست آج نئی تاریخ رقم کرے گی،18 ماہ کے طویل مذاکرات کے بعد آج دوحہ میں امریکا اور طالبان کے درمیان امن معاہدے پر دستخط ہوں گے جس کے بعد افغانستان میں 19 سال سے جاری جنگ اور کشیدگی اپنے منطقی انجام کو پہنچ جائے گی اور افغان سر زمین سے امریکی افواج کی واپسی شروع ہو جائے گی،اس کے ساتھ پورے خطے کی سیاست پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ،اتفاق کی بات ہے کہ افغانستان میں سوویت یونین کی شکست کے بعد اب امریکا کو بھی رخت سفر باندھنا پڑا ،امریکا نے 2ہزار ارب ڈالر جھونک دیئے ،ڈھائی ہزار امریکی فوجی مارے گئے ، اس کے باوجود یہ جنگ لا حاصل مشق رہی ، امریکا افغانستان میں حامد کرزئی اور اشرف غنی کی منتخب حکومتوں کو استحکام دے سکانہ افغانستان کے معدنی ذخائر سے تجارتی فائدہ حاصل کرسکااور 19سال تک یہ امریکا کیلئے نقصان در نقصان کا سودا رہا ، اسی لئے امریکی وزیر خارجہ پومپیونے کہا تھا امریکی فوجی جنرل کا کہنا ہے ہم لڑ لڑ کر تھک چکے ہیں اور اب ہم امن کے ایک تاریخی موڑ پر کھڑے ہیں ،اس تاریخی پیش رفت میں پاکستان کا کلیدی کردار ہے ، طالبان اور امریکا کو مذاکرات کی میز پر لانے میں بہت سے نشیب و فراز آئے ، پاکستان نے یہ سفر پورا کیا ،آج پاکستان کو یقیناً اس کا کریڈٹ ملے گاپاکستان اس پوری تقریب کا مہمان خصوصی ہو گا، دوحہ میں تقریب کیلئے زبردست تیاریاں ہورہی ہیں، امریکا کے وزیر خارجہ کے ساتھ امریکی وزیر دفاع بھی تقریب میں ہوں گے ،نیٹو افواج کے سربراہ بھی تقریب میں موجود ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں