’’کورونا کاعلاج 2کالی مرچیں ‘‘ ہائیکورٹ میںدرخواست مسترد
شہری نے کورونا کا علاج دریافت کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے علاج کی اجازت کیلئے لاہورہائیکورٹ سے رجوع کرلیا،
لاہور(کورٹ رپورٹر)عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کردی ۔ درخواست گزار نے موقف اختیارکیا کہ کورونا کا علاج اسکے پاس ہے ،متعلقہ اداروں کو درخواست دی ہے مگراجازت نہیں دے رہے ،جسٹس عائشہ اے ملک نے استفسارکیا کہ پوری دنیا کورونا کے علاج کیلئے دوا ایجاد کرنے کی کوشش کررہی ہے ،بتائیں آپ کے پاس کورونا کاعلاج کیا ہے ؟درخواست گزارنے جواب دیا کہ دو کالی مرچیں کھانے سے کورونا سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے ،آپ اجازت دے دیں،جسٹس عائشہ اے ملک نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیکرخارج کرتے ہوئے کہا درخواست گزارپی سی ایس آئی آرسمیت دیگر متعلقہ اداروں سے رجوع کرسکتا ہے ۔۔لاہور ہائیکورٹ نے شہریوں کو گھروں میں ماسک اور گلوز فراہم کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کر دی۔ جسٹس عائشہ اے ملک نے شہری طارق پرویز کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کر دیا اور کہا کہ کورونا کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنا حکومتوں کا کام ہے ، یہ پالیسی معاملہ ہے ، اس میں مداخلت نہیں کر سکتے ۔