آدھی آباد ی کورونا کو فسانہ سمجھی، آدھی عالمی سازش

آدھی آباد ی کورونا کو فسانہ سمجھی، آدھی عالمی سازش

غیر سنجیدگی کورونا کو پھیلارہی :چیئرمین گیلپ،دنیا کامران خان کیساتھ

اسلام آباد(دنیا نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے عوام سے کورونا سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے ،آدھی آباد ی کورونا کو فسانہ سمجھی ہے یا اس کا خیال ہے کہ یہ عالمی سازش ہے ،کورونا ملک دیکھے نہ مذہب دیکھے نہ ہی کوئی پارٹی۔پاکستان میں کورونا کی آندھی جاری ہے ،پروگرام ‘‘دنیا کامران خان کے ساتھ’’ کے میزبان کامران خان نے کہا کہ پاکستانی عوام آسانی سے کورونا کا رخ موڑ سکتے ہیں،احتیاطکرنا ہو گی کورونا حقیقت ہے اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا ،بڑی بڑی شخصیات کورونا وائرس کا شکار ہوچکی ہیں۔کورونا کی صورتحال اپنی جگہ ،حکومت کرپشن کی روک تھام کیلئے کام کررہی ہے ،چینی سیکنڈل کی فرانزک رپورٹ ریاستی اداروں کے حوالے کردی گئی ،اب ریاستی ادارے تحقیقات کریں گے ،ذمہ داروں کا تعین کرکے سزائیں تجویز کریں گے ۔گیلپ پاکستان کے چیئرمین اعجاز شفیع گیلانی نے کہا کہ ملک میں غیر سنجیدہ پن کے ساتھ پریشان خیالی ہے ،غیر سنجیدگی کورونا کو پھیلارہی ہے ،صرف پاکستان ہی ایسا نہیں ہے باقی دنیا کے لوگ بھی ایسے ہیں۔ہمارے ملک میں صحت کی سہولیات اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر ہیں۔سابق چیئرمین ایس ای سی پی خالد مرزا نے کہا کہ چینی سکینڈل فرانزک رپورٹ سے کچھ حقائق سامنے آئے ہیں،چینی کے ساتھ باقی سیکٹرز میں بھی اصلاحات لانے کی ضرورت ہے ،جن چیزوں کی چینی کے کاروبار میں نشاندہی کی گئی ہے باقی شعبوں میں بھی موجود ہیں،صرف یہ پاکستان میں ہی نہیں ترقی یافتہ ممالک میں بھی یہ چیزیں موجود ہیں،امریکا جیسے ملک میں بڑی صفائی سے یہ ہوتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں