وزیراعظم سیکرٹریٹ کے اخراجات میں 21فیصد ریکارڈکمی،18کروڑ وزارت خزانہ کولوٹا دئیے

وزیراعظم سیکرٹریٹ کے اخراجات  میں 21فیصد ریکارڈکمی،18کروڑ  وزارت خزانہ کولوٹا دئیے

وزیراعظم آفس اورہائوس کے اخراجات میں 21فیصد تک ریکارڈ کمی ،کفایت شعاری کی مثال قائم کرتے ہوئے تمام 34وفاقی وزارتوں ،44 ڈویژنوں پر بازی لے گیا

لاہور(محمد حسن رضا سے ) 18کروڑ37لاکھ روپے وزارت خزانہ کو واپس کر دئیے گئے ۔ رواں مالی سال کے دوران وزیراعظم آفس و ہائوس کے عوامی اخراجات 86کروڑ 29لاکھ روپے میں سے 67کروڑ92لاکھ روپے کے اخراجات ہوئے ہیں اور آئندہ مالی سال 2020-2021کے بجٹ کے لئے 86کروڑ روپے کے لگ بھگ فنڈ مختص کئے گئے ہیں۔ گزشتہ مالی سال کے دوران بھی وزیراعظم آفس اور ہائوس کے اخراجات میں 41فیصد کمی کی گئی تھی۔ وزیر اعظم آفس ،وزارت خزانہ اور دیگر ذرائع سے حاصل کی گئی معلومات کے مطابق رواں مالی سال کے دوران وزیراعظم ہائوس کے لئے مختص 38کروڑ90لاکھ روپے میں سے 33کروڑ90لاکھ روپے خرچ ہوئے جب کہ وزیراعظم آفس کے لئے مختص47کروڑ 40لاکھ روپے میں سے 33کروڑ 70لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ یہ بات درست ہے کہ وزیراعظم آفس ، ہائوس کے اخراجات میں نمایاں کمی ہوئی ہے ، وزیراعظم عمران خان نے کفایت شعاری کا وعدہ پو را کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں