اپوزیشن کامحرم کے بعد حکومت مخالف تحریک چلانے کا امکان

اپوزیشن کامحرم کے بعد حکومت مخالف تحریک چلانے کا امکان

حتمی فیصلہ اگلے ہفتے پیپلزپارٹی کی طرف سے بلائی آل پارٹیز کانفرنس میں کیا جائیگا اپوزیشن نے حکومت مخالف احتجاج نہ کیا تو عوام کی نظرمیں مجرم ہو گی ، عظمیٰ بخاری

لاہور (یاسین ملک )متحدہ اپوزیشن کی طرف سے محرم الحرام کے بعد حکومت مخالف تحریک چلانے اور سڑکوں پر آنے کا قوی امکان ہے حتمی فیصلہ اگلے ہفتے پیپلزپارٹی کی طرف سے بلائی آل پارٹیز کانفرنس میں ہو گا ۔ ذرائع کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی غیر معمولی مہنگائی خصوصاً آٹا چینی اور پٹرول مہنگا ہونے اور این ایف سی ایوارڈ پر حکومتی موقف پر محرم الحرام کے بعد کورونا اور گرمی میں کمی ہونے کی صورت میں حکومت کو عوام کے سامنے بھر پور ایکسپوز کرنے کے لئے متحدہ اپوزیشن کا سڑکوں پر آنے اور حکومت مخالف تحریک چلائے جانے کا قوی امکان ہے ۔احتجاج کا طریقہ کار بھی اے پی سی میں طے ہوگا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دیگر پارٹی رہنمائوں سے رابطے کریں اور انہیں حکومت مخالف تحریک چلانے کے لئے سڑکوں پر آنے کے لئے قائل کرنا شروع کر دیں ، اس سلسلہ میں بلاول بھٹو نے مختلف شہروں کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے وہ اگلے ہفتے لاہور بھی آئیں گے ۔بلاول بھٹو نے اپوزیشن جماعتوں کے سربراہوں سے با ر بار رابطے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مسلم لیگ ن پنجاب ترجمان عظمیٰ بخاری نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے موقف میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کو بنا بنایا ملک ملا تھا مگر اس نے سب کچھ تباہ کر دیا حالانکہ تحریک انصاف کو مکمل سپورٹ اور پلیٹ فارم مہیا کیا گیا تھا یہ حکومت مافیا کی حکومت ہے اگر اب بھی اپوزیشن نے حکومت بھر پور مخالف احتجاج نہ کیا تو اپوزیشن عوام کی نظرمیں مجرم ہو گی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں