جھوٹے مقدمات سے نہیں گھبراتے،اینٹ کا جواب پتھر سے دینگے،اپوزیشن,پی ڈی ایم جماعتیں غیر ملکی اشاروں پر چل رہی ہے:وزیر خارجہ
حکومت کے دھڑن تختے تک تحریک جاری رہیگی ، فضل الرحمن، 13دسمبر کو عوام ہمارے بیانئے کیساتھ نکلے گی، عباسی ، فردوس کا سرپرائز آئیگا تو دیکھا جائیگا ، رانا ثنا یہ لوگ دو کلو گوشت کیلئے گائے ذبح کر نا چاہتے ، فواد ، اپوزیشن استعفے دے ہم الیکشن کرادینگے ،اپوزیشن کے پاس اخلاقی جوازنہ عوامی حمایت، شبلی فراز
لاہور ،لکی مروت (سیاسی رپورٹر سے ،عدالتی رپورٹر ،سیاسی نمائندہ ، نیوز ایجنسیاں )اپوزیشن نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ، اب ہمیں کوئی نہیں روک سکتا، حکومت کے خاتمے تک ہماری تحریک جاری رہے گی ،جھوٹے مقدمات سے نہیں گھبراتے ، اینٹ کا جواب پتھر سے دینگے ۔جمعیت علمائے اسلام (ف)اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ اب ہم لاہور جائیں گے اور کوئی ہمیں نہیں روک سکتا،ہماری تحریک اس وقت تک چلتی رہے گی جب تک موجودہ حکومت کادھڑن تختہ نہیں ہوگا۔ سرائے نورنگ میں سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ الحدیث مولانا امان اللہ خان مرحوم کی یاد میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کاکہنا تھا ملکی معیشت کو موجودہ حکومت نے تباہ کردیا، نااہل حکمرانوں کی پشت پناہی کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فوج کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ سب کو آئین کے دائرے میں رہنا ہوگا۔ موجودہ حکمرانوں نے کشمیر پر بھارت کے قبضے کو قانونی شکل دے دی۔ ہم نے موجودہ حکومت کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے ، کوئی بھی ہمیں روک نہیں سکتا۔ پاکستان کی پوری تاریخ میں ایسا نا اہل حکمران نہیں آیا، جتنا اس وقت مسلط ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران سیاسی کارکنوں کو گرفتار کرکے بدمعاشوں کے ساتھ جیل میں بند کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے جلسوں پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں اور سیاسی کارکنوں پر مقدمات درج کئے جارہے ہیں انہیں تھانوں میں جرائم پیشہ افراد کے ساتھ بند کیا جارہا ہے لیکن اب حکمرانوں کاکوئی حربہ کامیاب نہیں ہوگا ۔ مولانا فضل الرحمن نے واضح کیا کہ جیلیں تحریک کو روک سکتی ہیں نہ حکمرانوں کا جبر۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا لاہور جلسہ سابقہ جلسوں کا ریکارڈ توڑ دے گا اور یہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا ہے کہ لاہور کا جلسہ جعلی اور سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہوگا ،اگر ملتان والا کھیل لاہور میں کھیلنے کی کوشش کی گئی تو انجام بہت برا ہوگا،کسی بھی مرحلے پر جیل بھرو تحریک شروع کر سکتے ہیں ،ملتان جلسے کو روکنے اور کارکنوں کی گرفتاریوں و تشدد کے خلاف (آج)تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاج ریکارڈ کرائینگے ،8 دسمبر کے سربراہی اجلاس میں بڑے فیصلے ہونگے ،نوازشریف کا لاہور جلسے کے خطاب بارے فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پی پی 147 کے بلدیاتی نمائندوں سے میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں اپوزیشن کی بات سنی جاتی ہے ، ترجمانوں کی بات کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھتا، لیکن جو اینٹ مارے گا اس کو پتھر سے جواب دینگے ،سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 13 دسمبر کو پورے پاکستان سے عوام پی ڈی ایم کے بیا نئے کے ساتھ نکلے گی، جلسہ کرنا ہمارا آئینی حق ہے ، پولیس حکومتی ہتھکنڈوں میں ملوث نہ ہو، کارکنوں کو ہراساں اور گرفتاریوں کی دھمکیاں بند کی جائیں، مقدمات سے نہیں گھبراتے ۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم کا ایک ہی نکتہ ہے کہ ملک آئین کے مطابق چلایا جائے ، جو امانت ووٹ کی صورت میں دی جاتی ہے اس میں خیانت نہ کی جائے ۔ پی ڈی ایم کی تحریک آئین کی بحالی کی تحریک ہے ،مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنائاللہ نے واضح کیا کہ ن لیگ نے استعفوں کی کوئی تجویز پیش نہیں کی ،استعفوں کا فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی ،کورونا وائرس کو شرارتی قرار دیتے ہوئے کہ یہ اتنا شرارتی ہے کہ اپوزیشن کے جلسوں میں آتا ہے ۔عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنائاللہ نے دعوی ٰکیا کہ 13 دسمبر کومینار پاکستان بھرے گا ۔اب عمران خان کو نہیں چھوڑیں گے ، پی ڈی ایم فیصلہ کرے گی تو استعفے دینے کے لئے تیار ہیں،بیرون ملک سے نواز شریف کے تمام فیصلے مانتے ہیں اور وہ بہتر اور پارٹی رہنماؤں کی مشاورت سے فیصلے کرتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پی ڈی ایم کو یقین دلایا ہے جب متفقہ فیصلہ ہو گا تو(ن) لیگ استعفے پیش کر دے گی۔ا نہوں نے کہا کہ اب جو مرضی کریں لیکن کل آپ کو اس کا نتیجہ بھگتنا پڑے گا ہم آپ کو کورونا کے پیچھے نہیں چھپنے نہیں دینگے ،رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ لاہور جلسہ ہر صورت ہوگا، بنی گالا میں چھپے کورونا کو نکال کر اس کا علاج کریں گے ۔ہم نے سروں پر کفن باندھ لئے ہیں اور یہ تحریک جاری رہے گی۔ پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ مسلط ہوئے تو ملک دنیا بھر میں تنہا ہو گیا ۔ نااہل اور کرپٹ لوگوں سے کوئی بھی مطمئن نہیں۔ساہیوال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نیازی نے اپنی نااہلی اور ضد سے بہت بڑا موقع ضائع کیا ہے کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعتیں اس کے ساتھ بیٹھنے کو تیار تھیں پارلیمنٹ میں گھس بیٹھیوں کی موجودگی میں پارلیمنٹ کا چلنا ناممکن ہے موجودہ پارلیمنٹ عوام کی نمائندہ نہیں ہے کیونکہ یہ دھونس دھاندلی کے ذریعے آئی ہے ہم یہ چاہتے ہیں کہ اس ملک میں فری فیئر الیکشن ہوں اور تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں ہم پی ڈی ایم سے عدم اتفاق نہیں کر سکتے انہیں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا فردوس عاشق کا سر پرائز آئیگا تو دیکھا جائے گا ۔رانامشہود نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ13 دسمبر تک ہم جو سرگرمیاں کر رہے ہیں، ان کی تفصیلات آج شیئر کی جا رہی ہیں آج6 دسمبر کو سوشل میڈیا کنونشن جوہر ٹائون میں ہو گا جس میں ملک اور دنیا بھر سے لوگ ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے اس کنونشن سے مریم نواز اور نواز شریف خطاب کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ7 دسمبر کو مریم نواز لاہور کے دورے پر نکلیں گی۔ این اے 128 روحیل اصغر کے حلقے سے شروع ہو کر این اے 124، شادباغ، بادامی باغ سے ہوتے ہوئے ملک ریاض کے حلقے این اے 123 تک پہنچیں گی 8 دسمبر کو این اے 131 خواجہ سعد رفیق کے حلقے میں ورکرز کنونشن بھٹہ چوک پر ہو گا 9 دسمبر کو لاہور میں پی ڈی ایم کی صوبائی قیادت سربراہی قیادت کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔ اسی دن یوتھ موٹر سائیکل ریلی ماڈل ٹائون سے نکالی جائے گی جو مینار پاکستان جائے گی ،10دسمبر کو مریم نواز گجومتہ سے رانا مبشر اور سہیل شوکت بٹ کے ہمراہ ریلی شروع کر کے اچھرہ، مزنگ وغیرہ کے مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے داتا دربار پہنچیں گی اور دعا کی جائے گی ۔ 11 دسمبر کو سیف کھوکھر اور افضل کھوکھر کے حلقے میں ورکرز کنونشن ہو گا۔سائرہ افضل تارڑ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا گر حکومت نے ملتان جلسے سے سبق سیکھا تو اچھی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سوچ لیں کہ عمران خان نے 13 دسمبر کو عزت سے جانا ہے یا انہیں کھینچ کر نکالیں گے یہ حکومت نے فیصلہ کرنا ہے کہ جلسہ مینار پاکستان پر ہونا ہے یا پورے لاہور میں ہونا ہے ۔ اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں )وفاقی وزرا نے کہا ہے کہ اپوزیشن حکومت پردباؤڈالنے میں ناکام رہی، اپوزیشن کے پاس اخلاقی جوازنہ عوامی حمایت،پی ڈی ایم کی 3جماعتوں پرکرپشن کے سنگین الزامات ہیں، استعفے دیناآسان نہیں ، پی ڈی ایم غیر ملکی طاقتوں کے اشاروں پر چل رہی، دنیا نیوز کے پروگرام اختلافی نوٹ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن میں اتنی اخلاقیات نہیں کہ استعفے دے ، ارکان استعفے دیں گے تودوبارہ الیکشن کرادیں گے ، وبانہ ہوتی توہمیں ان کے جلسوں کی پرواہ نہیں تھی، اپوزیشن رہنماکوروناسے متعلق مضحکہ خیزبیان دے رہے ہیں،عوام دشمن پالیسی پرعمل پیراہیں، احتساب کے خوف سے اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہیں، ان کوآئین تب یادآتاہے جب اقتدارنہیں ملتا، استعفیٰ دینامشکل اورالیکشن کراناآسان ہے ، جلسے ،جلوس،دھرنے دیناہم سے بہترکوئی نہیں جانتا،پی ٹی آئی کے پاس مینڈیٹ اوراخلاقی قوت ہے ، وزیراعظم نے اسلاموفوبیاکامعاملہ دنیامیں اٹھایا، 11 پارٹیوں کاجتھہ عوام کی صحت خطرے میں ڈال رہاہے ، عام حالات نہیں ہیں،جلسوں سے لوگوں کی زندگیوں کوخطرہ ہے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف نے بوسیدہ اور کرپٹ نظام کو ختم کیا، پی ڈی ایم سے ملکی ترقی اور تبدیلی ہضم نہیں ہو رہی ہے ، پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ملکی ترقی کی دشمن اور ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتی ہیں۔حکومت جلسوں سے نہیں، آئینی مدت پوری ہونے پر ختم ہو گی، جلسوں سے حکومت کے خاتمے کی آس لگانے والے انتظار کریں۔ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے عوام کے خیر خواہ کیسے ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ملک میں افرا تفری پھیلانا چاہتی ہیں، پی ڈی ایم جماعتیں غیر ملکی طاقتوں کے اشاروں پر چل رہی ہیں۔تحریک انصاف کی حکومت جلسوں سے نہیں بلکہ آئینی مدت پوری ہونے پر ختم ہوگی۔ ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر انتہائی تشویش ہے ۔ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے سیاستدان عوام کے خیر خواہ کس طرح ہو سکتے ہیں۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ عقل سے عاری اپوزیشن کو اپنے کیسز کے علاوہ کچھ دکھائی نہیں دیتا ،مریم نواز اور فضل الرحمن سسٹم سے باہر ہونے پر تصادم چاہتے ہیں ، یہ لوگ دو کلو گوشت کیلئے پوری گائے ذبح کر نا چاہتے ہیں ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ ایک طرف اپوزیشن کا احتجاج اور دوسری طرف کورونا کی لہر میں اضافہ ہے ۔ تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاویدنے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح کردیا پی ڈی ایم کو روکا نہیں جائے گا۔غیرقانونی کام کرنے والوں کے خلاف مقدمات بنائے جائیں گے ۔فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان نے نواز شریف کی واپسی کا معاملہ برطانوی حکومت کے ساتھ اٹھایا ہے ،امید ہے نوازشریف کو جنوری کے آخر تک واپس بھیجنے کا فیصلہ کر لیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کا کہنا ہے استعفے دینا جرات کا کام ہے لیکن اس کے بعد بھی این آر او نہیں ملے گا۔معاون خصوصی سیاسی ابلاغ شہباز گل کا مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ رات استعفوں کی دھمکی دینے والے صبح ہوش میں آکر تاویلیں گھڑنے آن پہنچے ۔ان کا مزید کہنا تھا بہرحال استعفے دیناجرات کا کام ہے جس کی اِن مالی بدعنوانوں سے توقع نہیں ہے ۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ استعفوں سے بھی این آر او نہیں ملنا ،کچھ نیا سوچیں۔