طلبا کو کاروبار میں معاونت، یوسی پی اور سمیڈا میں معاہدہ

 طلبا کو کاروبار میں معاونت، یوسی پی اور سمیڈا میں معاہدہ

خطے میں مثبت کاروباری کلچر اور نوجوان تاجروں کی مہارت بڑھائی جائیگی ، تربیتی پروگرامز، انڈسٹری کے ساتھ رابطے اور ورکشاپس کا اہتمام کیا جائیگا

لاہور (سٹاف رپورٹر )طلبا کو کاروبار میں معاونت کیلئے یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے مابین گزشتہ دنوں ایم او یو پر دستخط ہوئے ۔ سمیڈا کے سربراہ پنجاب محمد جاوید افضل اور ریکٹر یوسی پی پروفیسر ڈاکٹر محمد منصور نے معاہدے پر دستخط کیے ۔معاہدے کا مقصد نوجوان تاجروں، خاص طور پر خواتین کے کاروبار کو فروغ دینے اور ترقی کے لئے تعاون و مہارت بڑھانے کے لئے تعاون کرنا، خطے میں مثبت کاروباری کلچر کی ترقی کی طرف کام کرناہے ۔اس کے علاوہ بین الاقوامی ادارہ جاتی کوششوں اور اقدامات پر تعاون اور ہم آہنگی پیدا کی جائے گی تاکہ صنعت اور اکیڈمی رابطے کو بڑھانے کے لئے علمی اور پیشہ وارانہ تعاون کو حاصل کیا جاسکے ۔ ایم او یو کے تحت سمیڈا اور یوسی پی طلبا اور طالبات میں کاروباری کلچرکے فروغ کے لئے کوششیں اور پروگرام کریں گے ۔ اس میں معلومات اور مہارت کے تبادلے کے لئے انڈسٹری کے ساتھ رابطے پیدا کرنے ، مشترکہ تربیتی پروگراموں اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں طلبا کے لئے ورکشاپس کا اہتمام ہوگا ، تجارتی منصوبوں کی نشوونما، نئے آئیڈیاز کے ساتھ کاروبارکے آغاز پر بھی کام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پاکستان میں ایس ایم ای سیکٹر اور انٹرپرینیورشپ ڈویلپمنٹ سے متعلقہ شعبوں میں مشترکہ تحقیق کے لئے تعاون کیا جائے گا۔ دستخط کی تقریب میں بزنس ڈویلپمنٹ سروس سمیڈا پنجاب کے محمد آصف ،پرووسٹ یوسی پی ڈ اکٹر فیصل مصطفی ،ڈائریکٹر اوآرآئی سی یوسی پی فواد ریاض باجوہ ،ڈائریکٹر انتظامیہ امجد نیاز ، ڈائریکٹر کیو آئی سی یو پی مہر جبین آغا ، اور جواد خان بھی موجود تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں