کسی اپنے کا احتساب کرنا تکلیف دہ ترین کو ٹارگٹ نہیں کیا جارہا:شہزاد اکبر

کسی اپنے کا احتساب کرنا تکلیف دہ   ترین کو ٹارگٹ نہیں کیا جارہا:شہزاد اکبر

وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر ،اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ کسی اپنے کا احتساب کرنا تکلیف دہ عمل ہے لیکن اگر ان پر الزام غلط ثابت ہوجائے تو اس سے خوشی ہوگی، شوگر کمیشن کی رپورٹ کے تناظر میں شوگر مافیا کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو رہی ہے نہ ہی کسی کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور نہ ہی کسی کو تحفظ فراہم کیا جارہا ہے ،سٹہ بازوں کے 392 بے نامی اکاؤنٹس سے 667 ارب روپے کے لین دین کا پتہ چلا ،ان کو منجمد کردیا گیا ہے ۔ شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا مئی 2020 میں شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ آئی تھی جس میں منی لانڈرنگ اور کارپوریٹ فراڈ سمیت دیگر معاملات کی بھی نشاندہی کی گئی تھی۔ جہانگیر ترین نے خدشات ظاہر کئے ہیں کہ ان کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے حالانکہ ایسا نہیں ہے ، ایف آئی اے شوگر کمیشن رپورٹ کے تناظر میں اقدامات کر رہی ہے ،کسی کو قانون سے ہٹ کر نہ ہی ٹارگٹ کیا جا رہا ہے اور نہ ہی تحفظ فراہم کیا جارہا ہے ۔ ایف آئی اے کی جانب سے رمضان شوگر ملز اور الحدیبیہ ملز کے خلاف مقدمہ میں 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام لگایا گیا ہے ، اس مقدمہ میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف سے تحقیقات ہوچکی ہیں جبکہ سلمان شہباز ملک سے مفرور ہیں، جہانگیر ترین گروپ کے خلاف مقدمہ میں 4.35 ارب روپے کے ہیرپھیر کا الزام لگایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس ایک رپورٹ آئی کہ رمضان المبارک کے دوران چینی کی قیمتوں میں 20 سے 30 روپے فی کلو اضافے کا امکان ہے جس پر ایف آئی اے نے لاہور اور کراچی میں سٹہ بازوں کے خلاف کارروائی کی۔ سٹہ بازوں کے کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ پکڑے گئے ، چھ واٹس ایپ گروپ چینی کی قیمت کا تعین کر رہے تھے ، ان واٹس ایپ گروپوں کے ذریعے چینی کے سٹاک کی خریدوفروخت ہو رہی تھی جبکہ چینی اسی طرح سٹاک میں موجود تھی، یہ سٹہ باز جعلی اور بے نامی اکاؤنٹس میں رقم بھیجتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کو پہلے مولانا فضل الرحمن کے شوکاز نوٹس کا جواب دینا چاہئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں