کورونا : مزید 118 جاں بحق، سمارٹ لاک ڈاؤن میں توسیع

کورونا : مزید 118 جاں بحق، سمارٹ لاک ڈاؤن میں توسیع

4318نئے مریض ،مثبت کیسز 8.54 فیصد ، پنجاب میں 74 جاں بحق ، اب تک 13 لاکھ لوگوں کو ویکسین ڈوزلگائی جا چکی،سندھ میں نئی پابندیاں

لاہور ، اسلام آباد ،کراچی(ہیلتھ رپورٹر،اپنے خبر نگار سے ،سٹاف رپورٹر ،اپنے رپورٹرسے) ملک میں کورونا وائرس سے رواں برس ایک روز میں سب سے زیادہ اموات ،118 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ پنجاب میں سمارٹ لاک ڈاؤن میں 26اپریل تک توسیع کردی گئی ،سندھ میں نئی پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ، این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 50 ہزار 520 ٹیسٹ کئے گئے جس کے نتیجے میں 4 ہزار 318 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.54 فیصد رہی، این سی او سی کے اعدادو شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے اب تک 15 ہزار 619 اموات ہو چکی ہیں ،گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ اموات پنجاب میں 74، کے پی میں 32، اسلام آباد 6، بلوچستان میں 2 اور آ زاد کشمیر میں 4 افراد جاں بحق ہوئے ۔ ادھر محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 2337 جبکہ لاہور میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 1247نئے کیسز رپورٹ ہوئے ،مثبت کیسز کی تعداد 252,796 ہو گئی ، لاہورمیں 1247،ننکانہ 14، قصور 17، شیخوپورہ 35، راولپنڈی 169، جہلم 4، چکوال 7، اٹک 4، مظفرگڑھ 10، حافظ آباد 22 اور گوجرانوالہ میں 61 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ لاہور میں 38 افراد جاں بحق ہوئے ، ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر 7 لاکھ 29 ہزار 920 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جس میں سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6 لاکھ 37 ہزار 267 جب کہ فعال کیسز کی تعداد 76 ہزار 34 ہے ۔ ادھر لاہور کی ضلعی عدالتوں میں 2 ججز انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج ارشد حسین بھٹہ اور سول جج جہانزیب امان حفیظ بھی کورونا وا ئر س کا شکار ہو گئے ۔ضلعی عدالتوں کے 26 ججز تاحال کورونا کا شکار ہیں ، جن میں ضلع کچہری کی جوڈیشل مجسٹریٹ ظل ہما ، ایڈیشنل سیشن جج وسیم افضل میاں ، سول جج ذوالفقار احمد گوندل ،جوڈیشل مجسٹریٹ اقصیٰ غفار ،وقار عادل مرزا ، ایڈیشنل سیشن جج کاشف قیوم ،جوڈیشل مجسٹریٹ ضلع کچہری کاشان محمد علی،واحد نابینا سول جج یوسف سلیم ،ایڈ یشنل سیشن جج زاہد غزنوی اور سول جج عبدالماجد ،ایڈیشنل سیشن جج مزمل موسیٰ ،محمود ہارون سمیت دیگر ججز شامل ہیں جبکہ ایڈیشنل سیشن جج عامر شریف ڈوگر سمیت 35 ججز کورونا وائرس سے صحتیاب ہو گئے ،سنٹرل پولیس آفس میں اے آئی جی اِنسپیکشن پنجاب عثمان اعجاز باجوہ کورونا کا شکا ر ہو گئے ۔ عثمان اعجاز باجوہ نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔ دوسری جانب کورونا وائرس کی تیسری لہر میں بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر پنجاب میں سمارٹ لاک ڈاؤن میں توسیع کر دی گئی ہے ،یکم اپریل سے لگایا جانے والا سمارٹ لاک ڈاؤن 26اپریل تک نافذالعمل رہے گا،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ مراسلہ کے مطابق 8 فیصد سے زائد مثبت شرح والے شہروں میں آؤٹ ڈور شادیوں اور تمام تقریبات پر مکمل پابندی ہو گی ،ان شہروں میں لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ ،رحیم یار خان، بہاولپور، بہاولنگر، چنیوٹ، حافظ آباد،قصور، ننکانہ صاحب، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ شامل ہیں ۔ 8 فیصد سے کم مثبت شرح والے شہروں میں ان ڈور شادیاں اور مارکیاں، مزارات بند رہیں گے ، صوبہ بھر میں ٹرین سروس کل گنجائش کے 70 فیصد مسافروں کے ساتھ جاری رہے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کے حوالے سے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 366 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 583 افراد صحتیاب ہوئے اور کوئی بھی فوت نہیں ہوا جبکہ محکمہ داخلہ سندھ نے کاروباری مراکز اور ماہ رمضان المبارک میں مذہبی عبادتگاہوں کے لئے کورونا ایس او پیز پر 16 مئی تک نئی پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔ جاری حکم نامے کے تحت کاروباری مراکز اور بازاروں میں تجارتی سرگرمیاں صبح 6 بجے سے شام 8 بجے تک ہونگی جبکہ جمعہ اور اتوار کو سیف ڈیز کے طور پر مارکیٹوں اور بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل رہیں گی ،ریستوران میں انڈور سروس کی اجازت نہیں ہوگی۔ریستوران میں آؤٹ ڈور سروس رات دس بجے تک ہوگی، تفریحی پارکس، سینما، مزارات مکمل طور پر بند رہیں گے ، شادی بیاہ کی ان ڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی ہوگی، دریں اثنا وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت عوام کی جانب سے ایس او پیز پر عمل نہ کرنا ہے ، انہوں نے کہاروزانہ ستر ہزار ڈوز لگائی جا رہی ہیں، ملک میں اب تک تیرہ لاکھ لوگوں کوکورونا سے بچاؤ کی ویکسین ڈوزلگائی جا چکی ہے جبکہ ابھی بھی ہمارے پاس نو لاکھ ڈوز باقی ہیں،عید کے بعد ویکسی نیشن کی تعداد ڈیڑھ سے 2 لاکھ تک لے جانا چاہتے ہیں، امید ہے کہ عید کے بعد تمام پاکستانیوں کو ویکسین لگانا شروع کر دیں گے ، نیشنل پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہو ں نے کہا صدر مملکت اور وزیراعظم سمیت آئینی عہدوں پر فائز لوگوں نے بھی اپنی باری کا انتظار کیا اورویکسین لگوائی، انہو ں نے کہاکہ پنجاب، اسلام آباد، کے پی، آزاد کشمیر کے بعد اب بلوچستان اور سندھ میں بھی برطانوی وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس کے بعد ہم نے پچھلے آٹھ دس دنوں سے سختی کی ہے ، انہو ں نے کہا لوگوں کی لاپرواہی سے رمضان کے آخری عشرے میں وبا بڑھ سکتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں