اشرافیہ سے جان چھڑائے بغیر پاکستان عزت کا مقام حاصل نہیں کرسکتا ، سراج الحق
پی ٹی آئی دور میں عوام کو کوئی اچھی خبر نہیں ملی، مایوسی، بدامنی، مہنگائی، غربت، بے روزگاری نے ڈیرے ڈال لئے بجلی قیمتوں میں اضافہ واپس ، اشیا کی قیمتیں 50فیصد کم کی جا ئیں ورنہ گو آئی ایم ایف گو تحریک چلا ئینگے ،راولپنڈی میں گفتگو
لاہور (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا پی ٹی آئی جب سے اقتدار میں آئی ہے عوام کو کوئی اچھی خبر نہیں ملی۔ مایوسی، بدامنی، مہنگائی، غربت، بے روزگاری نے گھر گھر ڈیرے ڈال لئے ہیں۔ وزیراعظم کی ہر تقریر \"میں میں\" کی رٹ سے شروع ہوتی ہے اور\"گھبرانا نہیں\" کی ہدایت پر ختم ہو جاتی ہے ۔ چند فیصد اشرافیہ سے جان چھڑائے بغیر پاکستان اقوام عالم میں عزت کا مقام حاصل نہیں کر سکتا ۔ دلوں کو حضور ؐکے عشق سے منور کرنے اور دین کا پیغام دنیا کے کونے کونے میں پھیلانے کی ضرورت ہے ۔ راولپنڈی میں اراکین جماعت کی تقریب حلف برداری اور ضلعی مجلس شوریٰ سے گفتگو کرتے ہوئے انہو ں نے کہا اگرچہ ملک میں مافیاز کا اثرورسوخ دہائیوں سے قائم تھا مگر پی ٹی آئی کے دور میں ان کو مزید تقویت ملی۔ انھوں نے حکمرانوں کو متنبع کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے ۔ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کم از کم 50فیصد کمی کی جائے اور آئی ایم ایف کی تابعداری بند کی جائے ۔ اگر ایسا نہ ہوا تو جماعت اسلامی پورے ملک میں \"گو آئی ایم ایف گو\" تحریک چلانے پر مجبور ہو جائے گی۔