عید کی چھٹیوں میں کورونا پابندیوں کی نگرانی کیلئے کمیٹیاں تشکیل

عید کی چھٹیوں میں کورونا پابندیوں کی نگرانی کیلئے کمیٹیاں تشکیل

ایک دن میں1لاکھ64ہزارافرادکی ویکسی نیشن،فوج کی تعیناتی سے ایس اوپیز پر عملدرآمد میں نمایاں بہتری آئی:اسدعمر ، مزید161اموات،راولپنڈی،فیصل آباد،لیہ میں مزیدپابندیاں،ایک ماہ بعد4ہزارسے کم نئے کیسزرپورٹ

اسلام آباد،لاہور(خصوصی نیوز رپورٹر،نیوز رپورٹر،دنیانیوز،نیوزایجنسیاں)ملک میں کورونا سے مزید 161 افراد جاں بحق ہوگئے ، عید کی چھٹیوں میں کورونا پابندیوں کی نگرانی کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں، ہسپتالوں پر دبائو برقرار ہے جبکہ راولپنڈی، فیصل آباد اور لیہ میں مزید پابندیاں لگادی گئیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے اعداد شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے اموات 18 ہزار 310 ہوگئیں جبکہ ایک ماہ بعد گزشتہ روز 4 ہزار سے کم یعنی 3377 کیسز رپورٹ ہوئے ، مثبت کیسز کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 37 ہزار 523 ہوگئی جن میں 7 لاکھ 33 ہزار 62 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 5 ہزار 326 کی حالت تشویشناک ہے ، گزشتہ روز سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ریکارڈ کی گئیں۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق لاہور میں 37 جبکہ صوبہ میں 111 افراد جاں بحق ہوگئے ، 1600 نئے کیسز کے ساتھ تعداد 3 لاکھ 8 ہزار 529 ہوگئی، سب سے زیادہ 727 کیسز لاہور میں رپورٹ ہوئے ، گزشتہ روز خیبرپختونخوا میں 31، سندھ میں 11، آزاد کشمیر میں 4، اسلام آباد اور بلوچستان میں 2، 2 مریض دم توڑ گئے ۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیا نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 3 دن میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے پھیلائو کی شرح 7.87 فیصد ہوگئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں اسلام آباد میں 283 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور قومی کوآرڈی نیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود زمان کی زیرصدارت این سی او سی کے اجلاس میں ملک بھر میں کورونا وائرس کے خلاف ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، یہ ٹیمیں وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر بنائی جائیں گی جو کہ 8 تا 16 مئی تک کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں گی، این سی او سی کے مطابق مذکورہ دونوں میں کھانے پینے کی دکانوں، گروسری سٹورز، پیرا میڈیکس، بیکری اور پٹرول پمپ وغیرہ کھلے رہیں گے جبکہ باقی تمام تجارتی مراکز بند ہوں گے ، مقامی لوگوں اور بیرونی افراد دونوں کیلئے سیاحت پر مکمل پابندی ہوگی۔ دریں اثنا کابینہ کمیٹی برائے کورونا نے راولپنڈی، فیصل آباد اور لیہ کے متعدد علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیا جو کہ 17 مئی تک نافذ العمل رہے گا۔ ادھر وفاقی وزیر اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ روز 40 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کا پہلا روز تھا اور گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 1 لاکھ 64 ہزار168 افراد کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کی گئی جو ملکی تاریخ میں ایک دن کے اندر لگائی جانے والی ویکسین کی سب سے زیادہ تعداد ہے ، فوج کی تعیناتی اور دیگر ٹھوس اقدامات کی بدولت کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد میں نمایاں بہتری آئی ہے ، عید پر اس رجحان کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ، قومی سطح پر ایس او پیز پر عملدرآمد کی شرح 25 اپریل کو 34 فیصد تھی جو 3 مئی کو بڑھ کر 68 فیصد ہوگئی ہے ، ایس او پیز پر 3 مئی تک عملدرآمد سب سے زیادہ 88 فیصد وفاق میں ہوا اور سب سے کم عملدرآمد سندھ میں 45 فیصد رہا۔ ادھر خیبر پختونخوا میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح کم ہو کر 8.7 فیصد تک آگئی تاہم کے پی اور پنجاب کے ہسپتالوں میں مریضوں کا دبائو برقرار ہے ۔ گزشتہ روز سابق سینئر میڈیکل آفیسر ڈی ایچ کیو ہسپتال مردان ڈاکٹر نور اسلام کورونا کے باعث انتقال کرگئے ، حیدر آباد میں صورتحال انتہائی خطرناک ہے ، شرح 18 فیصد تک پہنچ گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے داخلی راستوں پر سختی کی ہدایت کی ہے ۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ آکسیجن کی ضرورت ہوگی، بھرپور تیاری کرنا ہوگی۔ علاوہ ازیں بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کا تمام بین الا قوامی ایئرپورٹس پر ریپڈ ٹیسٹ کا آج رات بارہ بجے سے آغاز ہوگا، محکمہ صحت کی ٹیمیں تعینات کر دی گئیں، ریپڈ اینٹیجنٹ ٹیسٹ رپورٹ 20 منٹ میں ملے گی جس کے مثبت آنے پر مسافر کو اپنے خرچ پر قرنطینہ کرنا ہوگا، مسافر کو اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں ہوٹل منتقل کیا جائے گا۔ مسافر کا 8 دن بعد دوبارہ ٹیسٹ ہوگا، منفی آنے پر گھر جانے کی اجازت ہوگی۔ مزید برآں کوویکس کے تحت کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ 7 مئی کو پاکستان پہنچے گی۔ ایسٹرازینیکا کی 12 لاکھ خوراکیں ملیں گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں