پارلیمانی کمیٹی :ہائیکورٹ میں 13ایڈیشنل ججز کی منظوری

پارلیمانی کمیٹی :ہائیکورٹ میں 13ایڈیشنل ججز کی منظوری

13امیدواروں کے انٹرویو مکمل ، صدر کی منظوری کے بعد ججز حلف اٹھائیں گے

اسلام آباد (صباح نیوز) پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تقرری نے لاہورہائیکورٹ میں 13ایڈیشنل ججز تعینات کرنے کی منظوری دیدی، وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس کی ایک سالہ مدت میں توثیق کردی گئی،دوروز کے دوران کمیٹی کی کارروائی کے دوران ججز کیلئے متعلقہ امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کئے گئے ۔ گزشتہ روز پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آزاد اپوزیشن رہنما سینیٹر نذیر اعظم تارڑکی زیر صدارت کمیٹی روم نمبر چار میں ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان، پیپلزپارٹی کے رہنماؤں راجہ پرویز اشرف، سینیٹر فاروق ایچ نائیک، مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ خان اور دیگر شریک ہوئے ۔ سینیٹ کے سیکرٹری نے کمیٹی کی معاونت کی ،لاہور ہائیکورٹ میں 13 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لئے پارلیمنٹ میں امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کرلئے گئے ، پارلیمانی کمیٹی برائے ججزتقرری کو نامزدگیاں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان سے موصول ہوئیں،ضابطہ کار کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لئے 13امیدواروں کے انٹرویوزکئے گئے ۔ کمیشن سے موصول نامزدگیوں میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صفدر سلیم شاہد، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شکیل احمد، سہیل ناصر ، شان گل، امجد رفیق ، انوار حسین ایڈووکیٹ، طارق ندیم، بیرسٹر راحیل کامران شیخ، احمد ندیم ارشد، علی ضیا باجوہ، عابد چٹھہ، رضا قریشی ، تنویر سلطان شامل ہیں توثیق کرتے ہوئے نام حتمی منظوری کے لئے صدرمملکت کو بھیج د ئیے گئے ۔ مذکورہ ججز کو ایک سال کے لئے ایڈہاک بنیاد پر تعینات کیا جائے گا۔کمیٹی نے وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس محمد نور مسکان زئی کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کی بھی منظوری دیدی ہے ، تمام نامزدگیاں صدر پاکستان کو ارسال کردی گئی ہیں ، 13 ججز لاہورہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی حیثیت سے تعینات ہوں گے ، صدر کی منظوری کے بعد ججز حلف اٹھائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں