حکومتی کشتی ڈانواں ڈول، عوام کا خون چوسنے والوں کے دن گنے جاچکے : سراج الحق

حکومتی کشتی ڈانواں ڈول، عوام کا خون چوسنے والوں کے دن گنے جاچکے : سراج الحق

عوام کے مستقبل سے کھیلنے والوں کو جواب دینا پڑے گا۔ اشرافیہ ہاتھوں میں چابک پکڑے غریبوں کی گردنوں پر سوار ، ملک کی 50فیصد کے قریب آبادی غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزار رہی ، حلال فوڈ کے حوالے سے تقریب میں خطاب

لاہور (سیاسی نمائندہ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے چترال سے کراچی تک حکومت کے خلاف لوگوں کا غصہ عروج پر پہنچ گیا ۔ حکومتی کشتی ڈانواں ڈول اور بے سمت ہے ۔ بائیس کروڑ عوام کے مستقبل سے کھیلنے والوں کو اپنے کیے کا جواب دینا پڑے گا۔ اشرافیہ ہاتھوں میں چابک پکڑے غریبوں کی گردنوں پر سوار ہے ۔ جونکوں کی طرح عوام کا خون چوسنے والوں کے دن گنے جاچکے ۔ سابقہ اور موجودہ حکومتیں عوام کی محرومیوں کی برابر ذمہ دار ہیں۔ حکومت ملک کے اسلامی تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوششیں نہ کرے تو بہتر ہوگا۔ حکومت کی جانب سے متعارف کیے گئے وفاقی اور صوبائی اوقاف آرڈینینسز کو مسترد کرتے ہیں، حکومت واپس لے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ مرکز علوم اسلامیہ منصورہ میں حلال فوڈ کے حوالے سے ایک تقریب میں بطور مہمان خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت آئے روز خود ہی اپنی غیر سنجیدگی اور نااہلی پر مہر ثبت کرتی ہے ۔ پی ٹی آئی کو حکومت سنبھالے ہوئے تین برس ہونے کو ہیں مگر مجال ہے جو اس نے اب تک ایک دفعہ بھی سیاسی پختگی کا ثبوت دیا ہو اور قوم کے مفاد میں کوئی بہترفیصلہ کیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے بھی ملک کو تباہی کی جانب دھکیلا اور اب حالات اس نوبت تک پہنچ چکے ہیں کہ ملک کی پچاس فیصد کے قریب آبادی غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزار رہی ہے ۔ کئی علاقوں میں ہسپتال سرے سے موجود نہیں، کئی جگہوں پر مریضوں کی لائنیں لگی ہوئی ہیں۔ ایک سفید پوش آدمی اپنے بچے کو کالج یا یونیورسٹی بھیجنے کا خواب بھی نہیں دیکھ سکتا۔ امیر جماعت کا کہنا تھا کہ عوام میں اب مزید ان جاگیرداروں ، سرمایہ داروں اور مغرب کے تقلید کاروں کو برداشت کرنے کی سکت نہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں