منی لانڈرنگ ریفرنس،شہباز کا حاضری سے استثنیٰ منظور، حمزہ پیش

منی لانڈرنگ ریفرنس،شہباز کا حاضری سے استثنیٰ منظور، حمزہ پیش

شریک ملزموں سے ملاقات، ضمانت پر رہائی کیلئے وکیل کو ذمہ داری سونپ دی نئے ججز کا تقرر نہ ہونے پر کیس میں پیش رفت نہ ہوئی، گواہ 18مئی کو طلب

لاہور(عدالتی رپورٹر)احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ان کے خاندان کے افراد کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں نیب کے گواہوں کو 18 مئی کو طلب کر لیا جبکہ حمزہ شہباز پیش ہوئے اور زیر حراست شریک ملزموں سے ملے ، انہوں نے شریک ملزموں کی جلد ضمانت پر رہا ئی کیلئے وکیل کو ذمہ داری سونپ دی ،احتساب عدالت میں نئے ججز کا تقرر نہ ہونے کی وجہ سے شہباز شریف اور ان کی فیملی کے ارکان کیخلاف ریفرنس پر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی، ڈیوٹی جج شیخ سجاد کے روبرو ریفرنس سماعت کیلئے پیش کیا گیا تو وکلا نے شہباز شریف کی طرف سے درخواست دی جس میں استدعا کی گئی کہ کورونا کی وجہ سے شہباز شریف کو پیشی سے ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ دیا جائے ،شہباز شریف کینسر کے مریض ہیں جس کے باعث وہ باہر نکلنے سے اجتناب کررہے ہیں ، عدالت نے درخواست منظور کرلی اور گواہوں کو آئندہ سماعت پر دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت کر دی، ریفرنس میں نیب کے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں لیکن احتساب کے جج کے تبادلے سے کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی ، منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف سمیت 11 ملزمان ٹرائل جوائن کررہے ہیں،کمرہ عدالت میں حمزہ شہباز نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں نامزد زیر حراست 4شریک ملزمو ں شعیب قمر ،قاسم قیوم ،فضل داد عباسی وغیرہ سے ملاقا ت کی اور کہا آپ بھی جلدی سے اب باہر آجاؤ جس پر زیر حراست ملزموں نے کہا میاں صاحب! آپ کچھ کریں حمزہ شہباز نے بتایا کہ ضمانتوں کیلئے علی ایڈووکیٹ کی ڈیوٹی لگائی ہے جلد وہ آپ کی بھی درخواست ضمانت دائر کریں گے ، حمزہ شہباز نے انہیں ہمت اور حوصلہ دیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں