ہیلو ہیلو کے ڈرامے سے مہنگائی کی تباہی ختم نہیں ہوسکتی : بلاول

ہیلو ہیلو کے ڈرامے سے مہنگائی کی تباہی ختم نہیں ہوسکتی : بلاول

عمران خان نے منی لانڈرنگ کا واویلا کر کے ملک کو بلیک لسٹ میں شامل ہونے کے دہانے پر پہنچا دیا سانحہ 12 مئی پر فتح کے مْکے لہرانے والے کیونکر قانون کی گرفت سے آزاد ہیں:چیئر مین پی پی پی

اسلام آباد ، لاہور،کراچی(سٹاف رپورٹر ، سیاسی رپورٹرسے ،نیوز ایجنسیاں)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تبدیلی نہیں یہ تباہی ہے ، سیاسی انتقام کیلئے منی لانڈرنگ اور کرپشن کا جھوٹا واویلا کرکے عمران خان نے ملک کو بلیک لسٹ ہونے کے دہانے پر پہنچادیا،وزیراعظم صاحب! فون پر ہیلو ہیلو کرنے کے ڈرامے سے ملک کے گلی کوچوں میں مہنگائی کے سونامی کی تباہی ختم نہیں ہوسکتی،آج اگر عوام مہنگائی کی وجہ سے بنیادی ضرورتوں سے بھی محروم ہورہے ہیں تو اس کے ذمہ دار صرف عمران خان ہیں، انہوں نے بلاول ہائوس سے جاری بیان میں مزید کہاکہ غیرملکی سرمایہ دار کیسے بھروسا کریں گے کہ عمران خان خود پاکستان کو خدانخواستہ کرپشن کا گڑھ ثابت کرتے رہے ہیں، شرمندگی کا مقام ہے کہ کمبوڈیا، گھانا اور زمبابوے جیسے پسماندہ ممالک کے ہمراہ پاکستان بھی فیٹف گرے لسٹ سے نہ نکل سکا، پیپلزپارٹی نے گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے جو مؤثر حکمت عملی بنائی تھی، اگر عمران خان اس پر ہی عمل کرلیتے تو ملک کا فائدہ ہوجاتا ،پیپلزپارٹی کی حکومت نے ملک کو یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا درجہ دلوایا ، اسے بھی عمران خان نے داؤ پر لگادیا، کرپشن کے خلاف عمران خان کی مہم دراصل قوم کے ساتھ ہونے والا ایک ایسا فراڈ ہے ، جس نے ملک کے روشن مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگادئیے ،مافیا کے سرپرست عمران خان کے احتساب کے جھوٹے نعرے کا پول کھل چکا، عوام اب اس جھانسے میں نہیں آئیں گے ،سانحہ 12 مئی پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا یہ ملکی تاریخ کا ایک بدترین تاریک واقعہ ہے ، جسے بھولنا مشکل ہے ،سانحہ 12 مئی پر فتح کے مْکے لہرانے والے کیونکر قانون کی گرفت سے آزاد ہیں؟سانحہ کے متاثرہ خاندانوں سے ایک بار پھر تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، ان کا دکھ سمجھتا ہوں،اس کرب کو سمجھتا ہوں، جس سے متاثرہ خاندان گزشتہ 14 سال سے گزر رہے ہیں۔جب تک سانحہ 12 مئی کے شہدا کو انصاف نہیں ملتا، عدلیہ کی آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں