پنجاب کابینہ : سرکاری ملازمین کو 25 فیصد خصوصی الاؤنس دینے کی منظوری
اطلاق یکم جون سے ہوگا، ریونیو ایکٹ 1957میں ترمیم کی منظوری،ریونیوکیس کا فیصلہ جلد ممکن بارشوں سے متاثرہ افراد کو مالی امداد ملے گی ، 5سال پرانی گاڑیوں کوروڈ فٹنس سرٹیفکیٹ لینا لازمی
لاہور (سیاسی رپورٹرسے )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 44 واں ا جلاس ہوا، 4 گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی گئی ،جس کے تحت گریڈ 1 سے 19 تک کے صوبائی ملازمین کو25فیصد خصو صی الاؤنس دیا جائے گا،خصوصی الاؤنس کا اطلاق یکم جون 2021سے ہوگا اور7لاکھ 21ہزار سے زائد ملازمین حقدار ہوں گے ۔ کابینہ نے یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 7ارب10کروڑ روپے کے فنڈز کے اجرا کی منظوری دی ، پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور ساہیوال ڈویژن کے شہریو ں کومفت علاج معالجہ کی سہولتیں ملیں گی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پروگرام کے تحت پنجاب کی پوری آبادی کومفت ہیلتھ کوریج دیں گے ۔ دسمبر تک ہر خاندان کو یونیورسل ہیلتھ کوریج دیں گے اور اس پروگرام کے تحت 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک سالانہ مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی ۔ وزیراعلیٰ نے کورونا ویکسین کی خریداری کے عمل کومزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ صحت ویکسین کی خریداری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر تمام ضروری اقدامات اٹھائے ۔ کابینہ نے پنجاب بورڈ آف ریونیو ایکٹ 1957 میں ترمیم کی منظوری دی اوراس ترمیم سے ریونیو سے متعلقہ کیسوں پر نظر ثانی کی دوسری اپیل کاحق نہیں ہوگااور ریونیو کیسوں کاجلد فیصلہ ممکن ہوسکے گا۔ کا بینہ نے حالیہ بارشوں سے ہونے والی اموات اور مالی نقصان کے ازالے کیلئے مالی امداد دینے کی اصولی منظوری دی۔ حافظ آباد، ساہیوال، اوکاڑہ،پاکپتن او ردیگر اضلاع میں متاثرین کو فوری طور پرمالی امداد دی جائے گی۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں سٹمپ ایکٹ 1899میں ترامیم کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب کابینہ نے 122سال پرانے سٹمپ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دی اور اس ترمیم سے بورڈ آف ریونیو کے پاس پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے آڈٹ کا اختیار ہوگا۔ فلیٹس،ملٹی سٹوری بلڈنگز کی ملکیت کا ریکارڈ جمع کیاجا سکے گااورحکومت کو ریونیو ملے گا۔ وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت پیری اربن ایریا زمین، افورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹس کو پنجاب ریونیو اتھارٹی کے سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے ،پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل محمد اشرف طاہر کے کنٹریکٹ میں توسیع ،راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرکے عہدے پر میرٹ میں پہلے نمبر پرآنے والے عمران امین کی تقرری ،راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نئے ممبران کی نامزدگیوں ، پنجاب آرمز رولز 2017ء میں ترمیم کی منظوری د ی گئی اور اس ترمیم سے اسلحہ لائسنس کی ٹرانسفر اورموڈی فکیشن کا اختیار اضلاع میں ڈپٹی کمشنرکے پاس ہو گا۔ اجلاس میں انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن آف پرائیویٹ وہیکلز (موٹر کار) کے لئے قانونی ترامیم کی منظوری دی گئی۔ پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 5سال پرانی پرائیویٹ گاڑیوں کوروڈ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا جبکہ3ویلر موٹر سائیکل رکشہ کوٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا جاسکے گا۔ اجلاس میں پنجاب موٹر وہیکلز رولز 1969ء اور پنجاب موٹر وہیکلز ٹرانزیکشن لائسنس رولز 2015 ء میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ موٹر وہیکلز کی رجسٹریشن اور خرید و فروخت کے نظام کو مزید شفاف بنانے کے لئے بائیو میٹرک سسٹم اور ارجنٹ پروسیسنگ فیس کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ بائیومیٹرک کی سہولت ای خدمت سینٹر ،نادرا اور موٹر ڈیلرز کے پاس بھی ہوگی ، اس سسٹم سے گاڑیوں کی رجسٹریشن او رخرید وفروخت کے نظام میں جعلسازی کا خاتمہ ہو گا۔ کابینہ نے سولرپاور کی نیٹ میٹرنگ پر عملدرآمد کے لئے محکمہ توانائی اور ڈسکوز کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کے مسودے کی منظوری دی ۔محکمہ سوشل ویلفیئر کے 222ملازمین کو ریگولر کرنے کے لئے قواعد وضوابط کے مطابق مزید اقدامات کرنے کی اجازت دے دی۔ چیئرمین پنجاب زکوٰۃو عشر کونسل کے عہدے کے قواعد وضوابط میں ردوبدل کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کی کارکردگی کو سراہا اور خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں کی تعمیر و مرمت کے لئے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کو سروسز دینے کی اجازت دی۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق محکمہ تعلیم کے اسسٹنٹ لائبریرین کو گریڈ 8سے گریڈ11 دینے ،چنیوٹ میں جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کے لئے محکمہ اوقاف کی اراضی کو سٹیٹ لینڈ سے تبادلے ،پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ ہاؤسنگ الاٹمنٹ پا لیسی 2021 کی منظوری دی گئی ۔ کابینہ کے اجلاس میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور کے 56 ویں،57 ویں، 58 ویں اور 59 ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر محنت انصر مجیدخان نیازی اوررکن پنجاب اسمبلی اسد کھوکھر نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،محکمہ محنت کی کارکردگی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجا ب حکومت نے ورکرز کی کم ازکم اجرت 20ہزار روپے کر دی ۔ محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھا رہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا اپوزیشن کا ٹولہ ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کررہاہے ، پی ڈی ایم سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، بند گلی میں پھنسی ہوئی پی ڈی ایم کیلئے فیس سیونگ بھی مشکل ہو چکی ہے ۔