بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی پوری کوشش کرینگے: بزدار

بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی پوری کوشش کرینگے: بزدار

بجٹ عوام کی امنگوں کا ترجمان ہو گا،فوکس پسماندہ علاقوں کی ترقی پر ہوگا، کفایت شعاری کو فروغ دیا جائے گا اپوزیشن کو اپنے آپ سے خطرہ ،ووٹ کو عزت دو کا نعرہ اپنی موت آپ مرچکا، بیان ، سپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات

لاہور(سیاسی رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال 2021-22 کے ترقیاتی پروگرام کا فوکس سماجی شعبوں اور پسماندہ علاقوں کی پائیدار و یکساں ترقی پر ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی ٰ نے کہا سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فلاح عامہ کے منصوبوں میں علاقائی ضروریات کو مد نظر رکھا گیا ۔ منصوبوں کے حوالے سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے مشاورت کی گئی اور یکساں ترقی کے ویژن کے تحت ہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیاہے ۔ بزدار نے کہا کہ بجٹ عوام کی امنگوں کا ترجما ن ہوگا۔ وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کی پوری کوشش کریں گے ۔غیر ضروری اخراجات کو کم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے اور ایسے اقدامات کریں گے جن سے وسائل میں اضافہ ہواورعام آدمی کو ریلیف ملے ۔ جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔پنجاب میں خوشحالی اور ترقی کا نیا باب کھلے گا۔ سماجی شعبے کی بہتری کیلئے نئے اقدامات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ عوا م کی امنگوں اوربنیادی ضروریات کے مطابق ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ غیر ضروری اخراجات کو کم کرکے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے زیادہ وسائل مہیا کریں گے ۔وسائل بڑھیں گے تو عوام کے مسائل کم ہوں گے ،ہر سطح پر بچت، کفایت شعاری اور سادگی کو فروغ دیا جائے گا۔ حکومتی سطح پر خرچے کم کرنے کے ساتھ ریونیو بڑھانا ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے مخالفت برائے مخالفت میں ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھٹیا سیاست کی۔ عوام کے سامنے بلند و بانگ دعو ے کرنے والوں کی قلعی کھل چکی ہے ۔ تحریک انصاف کی قیادت عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے ۔ہم کل بھی عوام کے ساتھ تھے ، آج بھی ساتھ ہیں اور آئندہ بھی ساتھ رہیں گے ۔ اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے اپوزیشن نے قومی مفادات کو بالائے طاق رکھا ہواہے ۔ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں بلکہ اپوزیشن کو خود اپنے آپ سے خطرہ ہے ۔ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ اپنی موت آ پ مر چکا ہے ،حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔عملی طور پر اپوزیشن کی پوزیشن صفر رہی۔اپوزیشن واویلا مچاتی رہی اور عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ سردار عثمان بزدار نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب کہتے ہیں کہ آئندہ بجٹ عوام اور کسان دوست ہو گا، اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔عثمان بزدار نے کہاکہ آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کر یں گے ۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کاکہناتھاکہ ملکی معیشت میں زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ پارلیمنٹ کی تاریخ میں پہلی بار زراعت پر خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں