جنرل ندیم رضا کی اردن میں اپنے ہم منصب سے ملاقات

جنرل ندیم رضا کی اردن میں اپنے ہم منصب سے ملاقات

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے دفاعی تعاون و دیگر امور پر گفتگو کی

لاہور (نیوز ڈیسک)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اردن میں قیام کے دوران اپنے ہم منصب میجر جنرل یوسف احمد الہنیتی سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جوکہ ان دنوں اردن کے دورے پر ہیں، انہوں نے اردن کی مسلح افواج کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف سے گزشتہ روز ملاقات کی جس میں انہوں نے سلامتی ، دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں اور علاقائی صورتحال پر بات چیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے دونوں ملکوں کے مابین مختلف سطح پر فوجی روابط کو فروغ دینے کے اقدامات پر سیر حاصل گفتگو کی اور دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان دونوں ملکوں کی افواج کے مابین موجودہ تعاون کو مزید توسیع دینے کا خواہاں ہے ۔ اردن کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ دوطرفہ روابط کو فروغ دینے کی کوششوں کے اعتراف میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کو شاہ عبداللہ دوم کی جانب سے اردن کے اعلیٰ ترین فوجی ایوارڈ ‘‘آرڈر آف ملٹری میرٹ آف دی فرسٹ گریڈ’’پیش کیا گیا۔ چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ندیم رضا نے شاہ عبداللہ دوم سپیشل آپریشنز ٹریننگ سنٹر کا بھی دورہ کیا اور اردن کی مسلح افواج کے سپیشل فورسز گروپ کی انسداد دہشت گردی کی مشقیں دیکھیں۔ قبل ازیں سپیشل آپریشنز ٹریننگ سنٹر پہنچنے پر چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو اردن کی مسلح افواج کے ایک چاک وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں