زمانے کیساتھ سیاست بدل گئی ،معیاربھی تبدیل : تھنک ٹینک

زمانے کیساتھ سیاست بدل گئی ،معیاربھی تبدیل : تھنک ٹینک

شہباز اور بلاول کاروباری لوگ ، ایاز امیر ، سیاست چندلوگوں کے گرد : سلمان غنی سیاست اوربزنس مل گئے ، حسن عسکری ، اپوزیشن ٹف ٹائم دے سکتی ہے ، خاور گھمن

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )سینئر تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں بجٹ ڈبیٹ اپنی بات کرنے کا ایک موقع ہے ،حکومت کی پالیسیوں کو نشانہ بنایا جاتا ،بھٹو دور میں اپوزیشن قلیل تھی مگر معیاری تھی ، پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’کی میزبان مریم ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا زمانہ بدلا اور سیاست بھی بدل گئی ،سیاست کا معیار اور لیول بھی تبدیل ہوگیا ۔پہلے جب اپوزیشن تقاریر کرتی تو لوگ پڑھتے تھے ،ان کی تقاریر سنتے تھے ،شہباز شریف اور بلاول کا وہ لیول نہیں ،ان کی زندگیاں ایسی نہیں ،یہ کاروباری لوگ ہیں ۔ان کی کوئی پوزیشن نہیں ۔روزنامہ دنیا کے ایگز یکٹو گروپ ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ پاکستان کی سیاست ایک عرصہ سے چند لوگوں کے گرد گھوم رہی ہے ،جو پیپلز پارٹی میں تھے آج وہ وزرا ہیں ،اس حکومت نے وزرا کرائے پر لے رکھے ہیں ، کل شوکت ترین پیپلز پارٹی کے وزیر خزانہ تھے جو آج پی ٹی آئی کے ہیں ۔مخصوص لوگ ہیں جو پرویز مشرف کے گیت گاتے رہے ،پیپلز پارٹی کے نعرے لگاتے رہے ،نواز شریف کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے تھے ،آج ان کیلئے عمران خان سب کچھ ہے ،ایسے لوگوں نے ملک کی سیاست کا بیڑہ غرق کیا ہے ۔ماہر سیاسیات ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ ہمارے سیاستدانوں کا المیہ یہ ہے کہ آئی ایم ایف سے مل جائے تب بھی تنقید کرنی ہے نہ بھی ملے تب بھی ۔سلسلہ ٹوٹ جائے تب تنقید کرنی ہے ،ہمارے ملک میں بزنس اور سیاست مل گئے ہیں اور اس سیاست کے نمائندہ نواز شریف ہیں ،اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیوروچیف خاور گھمن نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے کوئی قابل عمل تجویز آتی ہے تو ضرور مانی جائے گی ،پہلے بھی ایسا ہوتا رہا ہے ،اپوزیشن مل کر کام کرے تو ٹف ٹائم دے سکتی ہے ،بجٹ شق وار منظور کیا جاتا ہے ،ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں کوئی اندرون خانہ بات چیت نہیں چل رہی ،بلاول بھٹو پی ڈی ایم اور ن لیگ کی رائیونڈ قیادت کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ،آزاد کشمیر کے وزیر اعظم پر الزام لگایا ہے کہ الیکشن میں کوئی گڑ بڑ کی جارہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں