عید پر فول پروف سکیورٹی کی ہدایت، انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا : بزدار

عید پر فول پروف سکیورٹی کی ہدایت، انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا : بزدار

عید قربان پر جھوٹ، منافقت کو ہمیشہ کیلئے قربان کرنے کا عہد کرنا ہو گا، اپنی ذات کی نفی کا دن ، پیغام ، بارشوں کے باعث انتظامیہ الرٹ رہے، صفائی کے بہتر انتظامات کی ہدایت، ایس اوپیز پر عمل کیا جائے

لاہور(سیاسی رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عیدالاضحی پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمازعیدکے اجتماعات کی سکیورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔ مویشی منڈیوں کے اردگرد ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔عثمان بزدار نے عید الاضحی پر شہروں میں صفائی کے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں اورلوکل گورنمنٹ کے ادارے عید الاضحی پر زیروویسٹ مینجمنٹ کو یقینی بنائیں۔ عیدالاضحی کے موقع پر پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں۔ صفائی کے بار ے میں شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ ہونا چاہیے ۔کوڑا کرکٹ اورآلائشیں اٹھانے کے بعد انہیں مناسب طریقے سے تلف کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ عید پر فیلڈ میں جاؤں گا اور خودصفائی کی صورتحال کا جائزہ لوں گا۔کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز صفائی کے انتظامات کی خود نگرانی کریں۔لاہور اور بڑے شہروں میں صفائی کے انتظامات میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کروں گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے پاکستانی قوم کو عیدالاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحی قربانی، ایثار اورخوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے ۔ ہمارا خلاقی،قومی اور دینی فریضہ ہے کہ ہم عید پر محروم طبقے کے ساتھ خوشیاں بانٹیں۔ اپنے پیغام میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر عید الاضحی سادگی سے منانا ہمارا قومی فریضہ ہے ۔ عید پر ماسک ضرور پہنیں اور ہاتھوں کو بار بار دھوئیں۔عثمان بزدارنے لاہورسمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بارشوں کے باعث انتظامیہ اور واسا کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور واسا حکام نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے تما م ضروری وسائل بروئے کار لائیں اور ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کو کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ واسا حکام اور انتظامی افسران فیلڈ میں موجودرہیں اور نکاسی آب کے کام کی خود نگرانی کریں ۔امدادی سرگرمیوں میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔عثمان بزدار نے عوام سے عید الاضحی سادگی سے منانے اور کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کورونا کی چوتھی لہر سے بچاؤ کے لئے احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے ۔ احتیاط نہ کی گئی تو صورتحال سخت اقدامات کی طرف جا سکتی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں