3سال ستانے والوں کوآزاد کشمیر سے چلتا کرینگے : شہباز

 3سال ستانے والوں کوآزاد کشمیر سے چلتا کرینگے : شہباز

نواز شریف کی قیادت میں تعمیر، ترقی، خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کرینگے

لاہور ( اپنے سیاسی رپورٹر سے )مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ 3سال پاکستان اور 8 سال خیبر پختو نخوا کے عوام کو ستانے والوں کو لو گ ووٹ کے ذریعے آزاد کشمیر سے چلتا کریں گے ۔اپنے بیان میں انہوں نے آزاد جموں وکشمیر کے عوام کے شعور اور والہانہ جذبے کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب الیکشن مہم پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تمام رہنمائوں، کارکنوں اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔آزاد جموں وکشمیر کے عوا م الیکشن ڈے پر گھروں سے نکلیں اور شیر پر مہر لگائیں۔شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کا الیکشن کشمیریوں کے نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا تاریخی فیصلہ ہوگا۔آزاد جموں وکشمیر کے عوام کے لئے نواز شریف کی قیادت میں تعمیر، ترقی، خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے ۔آزاد جموں وکشمیر میں موٹر ویز، تعلیم وصحت اور عوام کی ترقی کے مثالی منصوبے لائیں گے ۔آزاد جموں وکشمیر کے عوام باشعور اور اہل بصیرت ہیں، ووٹ کی طاقت سے اپنے حقوق کی حفاظت کریں گے ۔پاکستان کے عوام کو مایوس اور مجبور کرنے والے آزاد جموں وکشمیر کے عوام کو کچھ نہیں دے سکتے ۔نواز شریف کی قیادت میں جس طرح پنجاب سمیت پورے ملک کو ترقی دی۔آزاد کشمیر کے عوام کو بھی ان کا حصہ دیں گے ۔شہباز شریف نے عالم اسلام کو عیدالاضحی کی مبارک دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس دن کی برکت سے مقبوضہ فلسطین و جموں وکشمیر سمیت تمام مقامات پر ظلم و جبر کا شکار مسلمانوں کو آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے ۔اللہ تعالیٰ مسلمانوں کے حج اور قربانی کواپنی بارگاہ میں قبول فرمائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدقربان کی مبارک دیتا ہوں۔حج کی سعاد ت حاصل کرنے والے خوش نصیبوں کو بھی مبارک دیتے ہیں۔حج اس مرتبہ کورونا وبا کے مصائب میں آیا ہے ، اللہ تعالیٰ اس موذی مرض سے دنیا کو نجات دے ۔فلسفہ قربانی کو سمجھتے ہوئے اس کی روح کے مطابق اپنی زندگیوں کو سنوارنا ہوگا، اسی میں دنیا اور آخرت کی بھلائی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں