نور مقدم قتل:ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 2روز کی توسیع

نور مقدم قتل:ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 2روز کی توسیع

کیس میں مزید دفعات شامل، موبائل فون وغیرہ برآمد کرناہے :سرکاری وکیل ، ملزم کی سخت سکیورٹی میں پیشی، پولیس حکام کا واپسی پر ویڈیو بنانے پر سخت رویہ

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال رانجھا نے سابق پاکستانی سفیر کی بیٹی نور مقدم قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم ظاہرجعفر کے جسمانی ریمانڈ میں دو روزہ توسیع کردی۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران تھانہ کوہسار میں درج مقدمہ کے ملزم کو اے ایس پی آمنہ کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے سخت سکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا۔ کمرا عدالت بھرا ہونے اور بجلی نہ ہونے کے باعث سخت حبس میں عدالتی عملہ نے روشنی کیلئے موبائل فون کی لائٹس آن کر رکھی تھیں۔ رش کے باعث اے ایس پی آمنہ کمرا عدالت سے باہر نکل گئیں اور پولیس حکام سے کہا کہ ملزم کو نیچے لے چلو اور جج صاحب سے کہو نیچے آکرسماعت کرلیں، پولیس حکام نے بتایاکہ سماعت شروع ہوگئی ہے ۔ سرکاری وکیل ساجد چیمہ نے کہاکہ ملزم سے پستول ریکور کر لیا ہے ، موبائل فون وغیرہ برآمد کرناہے ، کیس میں مزید دفعات شامل کی گئی ہیں، استدعا ہے ملزم کے ریمانڈ میں مناسب توسیع کی جائے ۔ کمرا عدالت کے دروازے پرکھڑے ملزم ظاہر جعفر نے بلند آواز میں جج کومخاطب کرتے ہوئے کہا آواز نہیں آ رہی، مجھے بھی کچھ کہنا اور سننا ہے ، جج کی ہدایت پر پولیس ملزم کو آگے لے گئی۔ عدالت نے ریمانڈ میں توسیع کا حکم دیتے ہوئے اسے پولیس کے حوالے کردیا۔ واپسی پر پولیس کے حکام نے میڈیا کے ساتھ ملزم کی ویڈیو بنانے سے روکنے کیلئے سخت رویہ اختیار کیا، اس دوران ملزم نے کہا مجھے میڈیا سے اپنی زندگی خطرے میں لگتی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں