حافظ آباد :حوالات میں ملزم ہلاک،3اہلکاروں پر مقدمہ

حافظ آباد :حوالات میں ملزم ہلاک،3اہلکاروں پر مقدمہ

رضوان کو پولیس نے ریلوے لائن سامان چوری کے الزام میں گرفتار کیا تھا

حافظ آباد(نامہ نگار، نمائندہ دنیا )تھانہ سٹی حافظ آباد کی حوالات میں مبینہ حبس بیجا میں رکھا ملزم ہلاک، ایس ایچ اوعمر فاروق کی مدعیت میں نائب محرر سمیت 3 پولیس ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ رضوان ولد سیف اﷲسکنہ ونیکے تارڑ کوپولیس نے مبینہ طور ریلوے لائن کی ایک پلیٹ اور 6کیلوں کی چوری کے الزام میں گرفتار کیا تھا ، جہاں پر گزشتہ روز رضوان پولیس حراست میں ہلاک ہوگیا۔ رضوان کی ہلاکت پر ایکٹنگ ایس ایچ او عمر فاروق و دیگر پولیس ملازمین کو لالے پڑ گئے جس پر رضوان کو ڈی ایچ کیوہسپتال لیجایا گیا تو وہاں پر ڈاکٹروں نے بھی اسکے فوت ہونے کی تصدیق کردی جس کے بعدبااثر سب انسپکٹر عمر فاروق کے خلاف کوئی کارر وائی عمل میں لانے کی بجائے چھٹی پر گئے ایس ایچ او بلال کو معطل کرکے لائن بھجوادیا گیا ، ڈیوٹی پر موجود ایکٹنگ ایس ایچ او عمر فاروق کی مدعیت میں ہی 3 پولیس ملازمین نائب محرر محمد عرفان ، کانسٹیبل شہباز اور کانسٹیبل ایاز کے خلاف مقدمہ درج کروادیا گیا۔دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا رضوان نشے کا عادی اور آخری مراحل میں تھا جب پولیس نے گرفتار کیا تو اس کو متلی،قے آنا شروع ہو گئی ۔ فوراً ڈی ایچ کیو ہسپتال طبی امداد کیلئے ریفر کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔ ڈی پی او نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ ودیگر حقائق کی روشنی میں میرٹ پر انکوائری کی جائیگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں