ایساطریقہ کاربنائیں پٹرول کی قیمت کنٹرول ہوسکے:سینیٹ کمیٹی

ایساطریقہ کاربنائیں پٹرول کی قیمت کنٹرول ہوسکے:سینیٹ کمیٹی

کیا وجہ ہے 10،15روپے لٹراضافہ تجویز،پھرحکومت کمی کرتی ہے :چیئرمین کمیٹی واپڈا کی کارکردگی ناقص، اووربلنگ سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہوا،کمیٹی اراکین

اسلام آباد(نامہ نگار)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ نے ہدایت کی ہے کہ ایسا طریقہ کار بنایا جائے کہ پٹرول کی قیمت کو کنٹرول کیا جاسکے اور پٹرول پمپوں پر ملاوٹ شدہ پٹرول فروخت ہونے کی روک تھام ہوسکے ۔ کمیٹی نے اوگرا کو ہدایت کی کہ ادارے میں بہتری کیلئے اقدامات کرکے 2 ہفتوں میں رپورٹ پیش کی جائے ۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین رانا مقبول احمد کی زیر صدارت ہوا۔ چیئرمین کمیٹی نے چیئرمین اوگرا سے استفسار کیا کہ کیا وجہ ہے کہ ہر 15 روز بعد تیل کی قیمتوں میں 10 یا 15 روپے فی لٹر اضافہ تجویز کیا جاتا ہے جس کو بعد میں حکومت کم کرتی ہے جو کہ ایک عام آدمی کی تکلیف میں اضافے کا سبب بنتا ہے ۔ اوگرا کے حکام نے بتایا پٹرول کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ کو دیکھ کر بڑھائی اور کم کی جاتی ہے ۔ رکن کمیٹی کامل علی آغا نے کہا عوام پٹرول کی کوالٹی اور مقدار دونوں پر سمجھوتا کر رہے ہیں۔ چیئرمین نیپرا نے بتایا 40فیصد خسارے کو کم کرکے 21 فیصد پر لایا گیا ہے ۔ ارکان کمیٹی نے واپڈا کی ناقص کار کردگی پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا اووربلنگ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے ۔ کمیٹی نے لوڈ شیڈنگ اور ٹرانسفارمرز کی ناقص کارکردگی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں