تعلیمی اداروں میں مزید چھٹیاں نہ دینے کا فیصلہ ، پنجاب کے دفاتر میں آج سے بغیر کورونا ویکسین داخلہ بند

تعلیمی اداروں میں مزید چھٹیاں نہ دینے کا فیصلہ  ، پنجاب کے دفاتر میں آج سے بغیر کورونا ویکسین داخلہ بند

2اگست سے تعلیمی سرگرمیاں بحال ، لاہور میں سرکاری خدمات ماسک سے مشروط کرنیکا فیصلہ،کراچی میں لاک ڈائون پر غور ، 7لاکھ 78ہزار افراد کی ریکارڈویکسی نیشن ،کے پی میں آج سے گھر گھر ویکسین لگے گی،44اموات،4119نئے مریض

لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور(اپنے نامہ نگار سے ،اپنے سٹی رپورٹر سے ،ایجوکیشن رپورٹر، خصوصی نیوز رپورٹر، سٹی رپورٹر، دنیا نیوز)ملک میں کورونا سے مزید 44افراد جاں بحق، دو ماہ بعد سب سے زیادہ 4119کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پنجاب میں آج سے بغیر ویکسین دفاتر میں داخلہ بند کردیا گیا تاہم تعلیمی اداروں میں مزید چھٹیاں نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قائم مقام سیکرٹری تعلیم آصف حیدر کی زیر صدارت صوبائی سیکرٹریز کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں کی چھٹیاں نہیں بڑھائی جائیں گی،کورونا ایس او پیز کے تحت تعلیمی ادارے شیڈول کے مطابق 2 اگست سے کھولے جائیں گے ، اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ صوبے اپنی حدود میں کورونا کی شرح کے مطابق خود فیصلے کریں گے تاہم بورڈ امتحانات شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے ۔ادھر پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ آفس، سول سیکرٹریٹ سمیت صوبہ بھر کے تمام دفاتر میں ویکسی نیشن کے بغیر داخلے پر پابندی لگادی، محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا،سرکاری دفاتر میں وہی شخص جاسکیں گے جن کے پاس ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ ہوگا،کمشنر لاہور کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ ڈومیسائل، برتھ سرٹیفکیٹ ودیگر سرکاری خدمات کی فراہمی ماسک پہننے سے مشروط کی جائے گی جبکہ پارکوں، تفریحی مقامات پر ماسک کے بغیر داخلے اور تفریح پر پابندی ہوگی،اجلاس میں ویکسی نیٹڈ افراد کیلئے بینکوں ودیگر اداروں میں سپیشل لائن کے انتظام اور مختلف اشیا پر خصوصی ڈسکاؤنٹ دینے پر بھی غور کیا گیا،کراچی میں مثبت کیسز کی شرح دوسرے روز بھی 26.3فیصد رہی ،یومیہ 70سے 80مریض وینٹی لیٹرپر آرہے ہیں،طبی ماہرین اور محکمہ صحت نے 15روز کے مکمل لاک ڈاؤن پرغور شروع کر دیا ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ بدھ کو 7لاکھ 78ہزار افراد کو کورونا ویکسین لگا کر نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے ، 5 لاکھ 61 ہزار افراد کو پہلی خوراک دی گئی ، ایک دن میں کورونا ویکسین کے 10 لاکھ ٹیکے لگانے کا ہدف بھی عبور کرلیں گے ۔علاوہ ازیں خیبرپختونخوا کے پانچ شہروں پشاور، مردان، سوات، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں آج سے گھر گھر جاکر ویکسی نیشن لگانے کی مہم کا آغاز کیا جارہا ہے جو کہ 10اگست تک جاری رہے گی،این سی او سی کے مطابق ملک میں مصدقہ کیسز کی تعداد 10لاکھ 15ہزار 827 ہوگئی جن میں 9لاکھ 35ہزار 742صحت یاب ہو چکے ہیں، 23ہزار 133اموات ہوئی ہیں ،جبکہ 2ہزار 898مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ،گزشتہ روز ملک میں مثبت کیسز کی شرح 8، لاہور میں 7 فیصد رہی ،سندھ میں 20، پنجاب میں 12، خیبرپختونخوا میں 5،آزاد کشمیر میں 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد دم توڑ گئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں