روزنامہ امت کے چیف ایڈیٹر رفیق افغان انتقال کرگئے
نامور صحافی،روزنامہ امت، ہفت روزہ غازی اور تکبیر کے مدیر اعلیٰ رفیق افغان گزشتہ روز مقامی ہسپتال میں انتقال کر گئے
کراچی(سٹاف رپورٹر) مرحوم کی ایک ہفتہ قبل طبیعت خراب ہوئی تھی۔مرحوم 3دن پہلے وینٹی لیٹر پر چلے گئے تھے ۔مرحوم نے سوگواروں میں 2 بیٹے ، بیوہ اور بھائی چھوڑے ہیں ،ان کی نماز جنازہ مسجد الفتح کڈنی ہل نزد کوکن پارک میں بعد نماز ظہر ادا کی گئی، نماز جنازہ بشیر فاروقی نے پڑھائی ۔اس موقع پر سینئر صحافیوں ،سیاستدانوں ، مذہبی رہنماؤں اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی جس میں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد ،جے یو آئی کے رہنما قاری عثمان سمیت دیگر شامل ہیں ۔مرحوم کی تدفین میوہ شاہ قبرستان میں کی گئی ۔ مرحوم نے تحقیقی صحافت میں بڑا نام پیدا کیا اور اس حوالے سے اپنا لوہا منوایا،اس کے علاوہ کراچی کے مسائل اور تعصبات کے خلاف عمر بھر قلمی محاذ پر سرگرم عمل رہے ۔ مرحوم نے صلاح الدین شہید کے صحافتی مشن کو آگے بڑھانے میں عمر وقف کردی ،وہ پاکستان سے محبت رکھنے والے پختہ نظریاتی وابستگی پر کاربند صحافی تھے ۔مرحوم نے پاکستانی صحافت میں اپنی قلمی اور انتظامی صلاحیتوں کا بھی لوہا منوایا۔ پاکستان ایک نڈر صحافی سے محروم ہوگیا۔