بھیک سے بچنے کیلئے معیشت مضبوط بنائینگے :شوکت ترین

بھیک سے بچنے کیلئے معیشت مضبوط بنائینگے :شوکت ترین

چاہتا ہوں کہ تنقید کرنے والوں کا منہ اپنی کارکردگی سے بند کروں:وزیر خزانہ

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ معیشت کو مضبوط بنانا میرا پہلا مقصد ہے تاکہ آئی ایم ایف اوردوسرے مالیاتی اداروں سے بھیک نہ مانگنی پڑے ، چاہتا ہوں کہ تنقید کرنے والوں کا منہ اپنی کارکردگی سے بند کروں، انشاء اللہ اسی طرف گامزن ہوں۔ ایک انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک معیشت کو مضبوط کرنا میرا مقصد اولین ہے تاکہ آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے دوسرا مقصد یہ ہے کہ غریب جو 70 سالوں سے صرف امید لگائے بیٹھے ہیں ان کے لیے کچھ کیا جائے چاہتا ہوں کہ غریبوں کے لیے اتنا کچھ کیا جائے کہ مہنگائی کا ان پر اثر نہ پڑے ۔جب تک معیشت نہیں بڑھے گی تب تک لوگوں کی آمدنی نہیں بڑھے گی ہم چاہتے ہیں معیشت مسلسل بڑھتی رہے اس کے لیے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ہم نے پہلی دفعہ طویل المدتی منصوبہ بندی کی ہے کہ تاکہ معیشت کا پہیہ چلتا رہے اور معیشت فروغ پاتی رہے پہلے کی طرح نہ ہو کہ معیشت چار پانچ سال بڑھے پھر رک جائے ہمارے ٹھو س ا قداما ت کی بدولت شرح نمو بڑھ رہی ہے ہماری کوشش ہے کہ اگر اس سال شرح نمو پانچ فیصد تک جائے تو اگلے سال سات اور پھر نو دس پر چلی جا ئے اور بتدریج بڑھتی ہی جائے اس میں رکاوٹ نہ آئے ۔وزیر خزانہ نے کہا کہ مخالفین تنقید تو کرتے رہتے ہیں میں چاہتا ہوں کہ مخالفین کی تنقید کا جواب اپنی کارکردگی سے دوں تاکہ نقادوں کے منہ بند ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں زراعت کا بڑا کردار ہے مگر افسوس کہ ماضی میں زرعی شعبے پر کسی نے توجہ ہی نہیں دی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں